پروفیسر اکرام خاں اے ایم یو میں مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے ڈائریکٹر مقرر
علی گڑھ, 17 مارچ (ہ س) : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ الیکٹرانکس انجینئرنگ سے وابستہ پروفیسر اکرام خاں کو دو سال کی مدت کے لئے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر
پروفیسر اکرام خان


علی گڑھ, 17 مارچ (ہ س) : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ الیکٹرانکس انجینئرنگ سے وابستہ پروفیسر اکرام خاں کو دو سال کی مدت کے لئے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

پروفیسر اکرام خاں نے برطانیہ کی ایسیکس یونیورسٹی سے الیکٹرانک سسٹمز انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے اور انہیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تدریس و تحقیق کا تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے، جہاں وہ 2009 سے بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کی خاص علمی دلچسپیوں میں امیج اور ویڈیو پروسیسنگ، ملٹی میڈیا مواصلات اور وائرلیس ویڈیو ترسیل شامل ہیں۔ انہوں نے متعدد پی ایچ ڈی، ایم ٹیک اور انڈرگریجویٹ سطح کے تحقیقی منصوبوں کی رہنمائی کی ہے۔ ان کے 38 سے زائد تحقیقی مقالات بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ انھوں نے 70 سے زائد مقالات بین الاقوامی کانفرنسوں میں پیش کیے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے کئی کتابی ابواب بھی تحریر کیے ہیں۔

پروفیسر خان کو کامن ویلتھ اسکالرشپ مل چکی ہے۔ وہ ایسیکس یونیورسٹی میں بطور وزٹنگ فیکلٹی خدمات انجام دے چکے ہیں اور قومی و بین الاقوامی اداروں کی مالی اعانت سے جاری اہم تحقیقی منصوبوں سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ وہ آئی ای ای ای کے سینئر رکن ہیں اور یونیورسٹی میں مختلف اہم تدریسی و انتظامی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande