
علی گڑھ, 16 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ طبیعیات کی ڈاکٹر عاتکہ فاطمہ کو حکومت ہند کے محکہ سائنس و ٹکنالوجی کی ویمن اِن سائنس اینڈ انجینئرنگ (وائز) پوسٹ ڈاکٹورل فیلوشپ سے نوازا گیا ہے۔ یہ فیلوشپ باصلاحیت خاتون سائنس دانوں کو بنیادی و اطلاقی سائنس کے شعبوں میں تحقیق جاری رکھنے اور اسے فروغ دینے کے لئے دی جاتی ہے۔ یہ پروگرام ملک بھر میں سائنسی تحقیق و اختراع میں خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس فیلوشپ کے تحت ڈاکٹر فاطمہ تین سالہ تحقیقی پروجیکٹ پر کام کریں گی جو نیوکلیئر و پارٹیکلز فزکس میں پارٹیکلز تعامل کی تفہیم پر مبنی ہے۔ شعبہ طبیعیات اور اے ایم یو کی علمی برادری نے اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر عاتکہ فاطمہ کو مبارکباد پیش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ