
علی گڑھ, 16 مارچ (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر ملاپورم کے شعبہ قانون کے لیگل ایڈ سیل کے رکن طلبہ اور این ایس ایس رضاکاروں نے بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر ویمن ڈیولپمنٹ سیل اور آئیڈیل آرٹس اینڈ سائنس کالج، چیرپولاسیری کے شعبہ انگریزی کے اشتراک سے منعقدہ ایک مذاکرہ میں بطور پینلسٹ شرکت کی، صنفی مساوات، ادارہ جاتی حفاظتی نظام اور خواتین کے حقوق کے تحفظ جیسے موضوعات پر گفتگو کی اور 2030 تک خواتین کے بااختیار ہونے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اے ایم یو ملاپورم کی طالبات ہانا فیتھم کے ٹی، سدرہ فاطمہ، منورہ جاوید اور امینہ عرفانہ ای پی نے پینلسٹ کے طور پر شرکت کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، کیمپس میں تحفظ اور قانونی تحفظات کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے۔ مباحثے کے دوران انہوں نے کام کی جگہوں اور تعلیمی اداروں میں جنسی ہراسانی کے سدباب کے لیے وشاکھا رہنما خطوط کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
آئیڈیل آرٹس اینڈ سائنس کالج کے پرنسپل ڈاکٹر زین العابدین نے اے ایم یو کی طالبات کی شرکت اور ان کی گفتگو کو سراہا۔
سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹرایم شاہ الحمید اور شعبہ قانون کے کورس کوآرڈنیٹر ڈاکٹر شاہ نواز احمد ملک نے طالبات کو اعزاز سے نوازا۔ ڈاکٹر راگھل وی راجن، این ایس ایس پروگرام آفیسر اور ڈاکٹر نسیمہ کے پی، چیئرپرسن، لیگل ایڈ سیل، پروگرام کے کوآرڈنیٹر تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ