
کٹھمنڈو، 15 مارچ (ہ س)۔ نیپال کے گورکھا ضلع میں ہفتہ کی دیر رات ہوئے بس حادثے میں 7 ہندوستانی تیرتھ یاتریوں کی موت ہو گئی۔ 14 تیرتھ یاتری منکامن مندر کے درشن کر کے مائیکرو بس (بی ایل-006۔ بی 8430) سے لوٹ رہے تھے۔ یہ بس شہید لکھن گاوں کے پاس حادثے کا شکار ہو گئی۔
گورکھا ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ بھرت بہادر کے مطابق بس میں سوار 14 افراد میں سے 7 کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ان میں 5 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ دیگر 7 شدید زخمی ہوئے ہیں، جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بس سڑک کے کنارے تقریباً 200 میٹر نیچے ڈھلان میں گر گئی۔ گاڑی میں ڈرائیور اور کنڈکٹر کو چھوڑ کر باقی تمام مسافر ہندوستانی شہری تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی گورکھا میں واقع مسلح پولیس فورس نیپال کی 29 ویں بٹالین کی بچاو ٹیم اور ضلع پولیس دفتر گورکھا کے پولیس اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔
نیپال پولیس نے مرنے والوں کی فہرست جاری کی ہے۔ ان میں سے کسی کی ریاست کا ذکر نہیں ہے۔ یہ فہرست اس طرح ہے: موتو کمار (58 سال، مرد)، اناملیکا (58 سال، خاتون)، میناکشی (59 سال، خاتون)، شیوگامی (53 سال، خاتون)، وجیال (57 سال، مرد)، مینا (58 سال، خاتون)، تمل ریشی (60 سال، خاتون)۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے جنوبی ہندوستانی ہونے کا امکان ہے۔
بھرت پور میڈیکل اسپتال میں داخل زخمی ہندوستانی شہریوں کی فہرست اس طرح ہے: سورنم (62 سال، مرد)، منگدا جلم (65 سال، خاتون)، سبھدرا (75 سال، خاتون)، مائلہ (65 سال، خاتون)، سروجہ (73 سال، خاتون)، بھاگیہ لکشمی (65 سال، خاتون)، میناکشی (34 سال، خاتون)۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن