
جموں, 15 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ پر حالیہ قاتلانہ حملے کی کوشش کی تحقیقات کے لیے سات رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین توتی نے معاملے کی سنگینی اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس آئی ٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
بدھ کی رات گریٹر کیلاش علاقے میں واقع رائل پارک بینکوئٹ ہال میں ایک شادی کی تقریب سے واپس جاتے وقت ایک مسلح شخص نے پیچھے سے آکر فاروق عبداللہ پر فائرنگ کر دی۔ تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق 63 سالہ ملزم کی شناخت کمل سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جسے موقع پر ہی قابو کرکے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا ریوالور بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر