
لکھنو، 15 مارچ (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جلد ہی ضلع کمیٹیوں کی تشکیل کرے گی۔ پارٹی 2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ضلع ٹیم میں خواتین کو مناسب جگہ دینے کے ساتھ ساتھ وقف، نظم و ضبط کے پابند، نظریاتی طور پر مضبوط اور محنتی کارکنوں کو ذمہ داری دے گی۔ اس کے لیے صوبائی دفتر سے مکمل خاکہ ضلع صدور کو بھیج دیا گیا ہے۔
پارٹی نے ضلع کمیٹیوں کی تشکیل کے لیے ضلع کی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی خاطر صوبے سے مبصرین بھیجے تھے۔ مبصرین نے ضلع سطح پر پہنچ کر عوامی نمائندوں، پارٹی کے سینئر لیڈروں، سابق ضلع صدور اور کارکنوں سے رابطہ و مکالمہ کر کے محنتی، وفادار، متحرک اور نظریاتی کارکنوں کی فہرست تیار کر کے اپنی رپورٹ صوبائی قیادت کو سونپ دی تھی۔ مبصرین کی رپورٹ اور وسیع مشاورت کی بنیاد پر پارٹی کی ضلع کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔
بی جے پی کے صوبائی میڈیا شریک انچارج ہمانشو دوبے نے بتایا کہ پارٹی کے صوبائی صدر اور مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری اور صوبائی جنرل سکریٹری (تنظیم) دھرم پال سنگھ اتوار کو صوبائی دفتر میں برج خطے کی ضلع کمیٹیوں کی تشکیل پر غور و خوض کریں گے۔ میٹنگ میں صوبائی بی جے پی صدر اور صوبائی جنرل سکریٹری (تنظیم) کے علاوہ علاقائی صدر، علاقائی انچارج، مبصرین، ضلع صدور اور ضلع انچارجوں سے ضلع وار تبادلہ خیال کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن