
ممبئی ، 14 مارچ (ہ س)۔ ممبئی کے مالاڈ علاقے کے کورار گاؤں میں ہفتہ کو تیندوے کے حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے شتابدی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کورار علاقے میں رہنے والے دو افراد صبح کے وقت پانی لینے کے لیے گھر سے باہر گئے تھے۔ اسی دوران گھات لگائے بیٹھے ایک تیندوے نے اچانک ان پر حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد دونوں افراد نے شور مچایا جس کے باعث قریبی لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ لوگوں کے جمع ہونے پر تیندوا وہاں سے بھاگ گیا۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر محکمہ جنگلات کو دی گئی جس کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم ڈاکٹر نکھل بانگر کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی۔حکام کے مطابق تیندوا قریبی علاقے میں چھپ کر بیٹھا ہوا تھا۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے اسے بے ہوش کر کے قابو میں لے لیا ہے اور اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے