
ریاستی اساتذہ یونین تلنگانہ کی جانب سے دعوت افطار کا انعقادحیدرآباد،13 مارچ (ہ س) ۔ اساتذہ یونین تلنگانہ اسٹیٹ (ایس ٹی یوٹی ایس) کے زیر اہتمام شاہ فنکشن ہال، لکڑی کا پل، حیدرآباد میں دعوت افطار کی ایک باوقاراور روح پرور تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں مختلف یونینوں کے قائدین کے علاوہ ریاستی، ضلعی اور منڈل سطح کے عہدیداران، ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ کرام اور میڈیا سے وابستہ معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز محمد نظیرالدین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس سے محفل روحانیت سے معطر ہوگئی۔محمد صادق احمد نے تلگو زبان میں ماہِ رمضان المبارک کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک عبادت، تقویٰ اور ایثار کا پیغام لے کر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روزوں کے ساتھ ساتھ فطرہ اور زکوٰۃ کی ادائیگی بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سونا، چاندی، نقد رقم، بینک بیلنس اور منافع کی نیت سے رکھی گئی اشیاء کی مجموعی مالیت کا ڈھائی فیصد بطور زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہے، جو معاشرے میں معاشی توازن قائم رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ایس ٹی یوٹی ایس کے جنرل سیکریٹری محمد افتخارالدین نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، انسانیت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افطار کی یہ محفل صرف روزہ افطار کرنے کا موقع نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ ٹیچرز یونین آزادی سے قبل قائم ہونے والی ایک تاریخی اورسیکولر تنظیم ہے جس کے بانی معروف انقلابی شاعر مخدوم محی الدین تھے۔ یہ یونین اساتذہ، طلبہ اورتعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی سرگرم کرداراداکرتی رہی ہے۔ ایس ٹی یوٹی ایس کے صدر اورجنرل سیکریٹری جی سدانندم گوڑ نے اپنے خطاب میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونین ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں، اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور اردو میڈیم اساتذہ کے لیے خصوصی ڈی ایس سی کے انعقاد کے سلسلے میں اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین سے نمائندگی بھی کی گئی ہے۔ ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق