
ناندیڑ ، 13 مارچ (ہ س) ناندیڑ دیہی پولیس نے غیر قانونی طور پر کارتوس فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 36 زندہ کارتوس برآمد کیے ہیں اور اس سلسلے میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے حدود میں آنے والے جھری علاقے کی کھدانی کے نزدیک کچھ افراد دیسی پستول اور گولہ بارود کی فروخت کے لیے آنے والے ہیں، اس بارے میں خفیہ اطلاع پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر کو ملی تھی۔
اس اطلاع کے بعد پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولکر نے پولیس سب انسپکٹر وینکٹیش کسمے کو تفصیلی ہدایات دیتے ہوئے ان کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی۔ اس ٹیم میں تربیتی پولیس سب انسپکٹر سوپنل سولنکے اور دیگر پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
پولیس ٹیم نے جھری کی کھدانی کے قریب نگرانی کے بعد چھاپہ مار کارروائی کی۔ اس دوران چند افراد مشتبہ انداز میں موجود تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔
گرفتار ملزمان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دیسی پستول کے لیے استعمال ہونے والے 36 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 8 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں تین افراد کے خلاف ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے