
حیدرآباد،13 مارچ (ہ س) ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے نیٹ فلکس کوفیوچر سٹی میں کارپوریٹ آفس قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعلی نے آج حیدرآباد میں نیٹ فلکس کے آئی لائین اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ انہوں نے حیدرآباد میں نیٹ فلکس کی سرگرمیوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد میں بین الاقوامی تفریحی اداروں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس اسٹوڈیو کے قیام سے حیدرآباد میں ہالی ووڈ کی سرگرمیوں میں اضافہ یقینی ہے ۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ وزیراعلی نے نیٹ فلکس کے آئی لائین اسٹوڈیوکاافتتاح کیا جہاں ویب سیریزاورفلموں کی تیاری کا کام انجام دیا جائیگا ۔ حکومت کی موافق صنعتی پالیسی سے متاثر ہوکر کمپنی نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر فلم ایکٹر رانا دگوباٹی ، نیٹ فلکس اسٹوڈیو کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر جیف شیپیرو اور کمپنی کے کئی اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری سنجے جاجو اور اسپیشل سکریٹری برائے وزیراعلی اجیت ریڈی نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلمسازی میں ٹکنالوجی کے استعمال کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حیدرآباد میں قائم ہونے والا آئی لائین اسٹوڈیو آئندہ چند برسوں میں تلگو فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی فلموں کا شوق رہا ہے اور حالیہ برسوں میں کئی تلگو فلموں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ نیٹ فلکس کی آئی لائین اسٹوڈیوز کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اور تلنگانہ عالمی تفریحی صنعت کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ حیدرآباد میں وائبرینٹ اینیمیشن ، ویژول ایفکٹس ، گیمنگ اورکامکس کے شعبہ جات کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے نیٹ فلکس کی حیدرآباد میں توسیعی منصوبہ میں حکومت کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا اور فیوچر سٹی میں خصوصی انٹرٹینمنٹ زون اور آرٹیفشل انٹلیجنس کے قیام کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم کمپنی کو بھارت کی فیوچر سٹی میں کارپوریٹ آفس کے قیام کی دعوت دیتے ہیں۔ حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ فیوچر سٹی میں دنیا کی 500 فارچون کمپنیاں موجود رہیں گی۔ ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق