
احمد آباد، 11 مارچ (ہ س) ۔
اڈانی اسپورٹس لائن نے تجربہ کار کوچ رندھیر سنگھ سہراوت کو آئندہ پرو کبڈی لیگ سیزن سے قبل گجرات جائنٹس کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
'کبڈی کے چانکیہ' کے نام سے جانے جانے والے، سہراوت کو لیگ کے سب سے تجربہ کار کوچوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ وہ 2014 میں پرو کبڈی لیگ کے آغاز سے ہی منسلک ہیں۔ ان کی رہنمائی میں ٹیمیں ایک بار ٹائٹل جیت چکی ہیں اور چھ بار پلے آف میں پہنچی ہیں۔ ارجن ایوارڈ یافتہ، سہراوت کو کبڈی کا وسیع تجربہ ہے۔ ہندوستانی ریلوے کبڈی ٹیم کے کوچ کے طور پر، انہوں نے مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو متعدد قومی چمپئن شپ ٹائٹل جتوایا۔
سہراوت کا ایک کھلاڑی کے طور پر بھی شاندار کیریئر تھا۔ انہوں نے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستانی قومی کبڈی ٹیم کی نمائندگی کی جن میں 1988 میں ایشین کبڈی چمپئن شپ، 1989 میں ساو¿تھ ایشین گیمز اور 1990 میں ایشین گیمز شامل ہیں۔ نائب کپتان کی حیثیت سے وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1990 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
اپنی تقرری پر، رندھیر سنگھ سہراوت نے کہا کہ وہ پرو کبڈی لیگ میں واپسی پر بہت خوش ہیں اور موقع کے لیے اڈانی اسپورٹس لائن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات جائنٹس کے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک اچھا امتزاج ہے، اور وہ ٹائٹل جیتنے کے اپنے مقصد کے لیے ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
اڈانی اسپورٹس لائن کے چیف بزنس آفیسر سنجے اڈیسارا نے کہا کہ رندھیر سنگھ سہراوت جیسے تجربہ کار کوچ کا اضافہ گجرات جائنٹس کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کا تجربہ اور کھیل کی گہری سمجھ ٹیم کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
سہراوت کی تقرری کے ساتھ، اڈانی اسپورٹس لائن نے واضح کر دیا ہے کہ اس کی توجہ آئندہ پرو کبڈی لیگ سیزن کے لیے گجرات جائنٹس کو ایک مضبوط اور مسابقتی ٹیم بنانے پر مرکوز ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ