
مدھیہ پردیش میں درجہ حرارت میں اضافہ، مارچ میں ہی اپریل جیسی گرمی، ضلع دھار سب سے گرم
۔ 15 مارچ کے بعد گرمی میں مزید اضافہ ہوگا
بھوپال، 11 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں اس سال گرمی نے وقت سے پہلے ہی دستک دے دی ہے۔ مارچ کے مہینے کے آغاز میں ہی کئی اضلاع میں درجہ حرارت 39-38 ڈگری سیلسیس کے پار پہنچ گیا ہے، جو معمول سے 6-4 ڈگری زیادہ ہے۔ ہوا کی سمت میں تبدیلی کی وجہ سے ریاست میں گرمی جلدی بڑھی ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید شدت آئے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، موجودہ وقت میں ہوا کی سمت شمال-مشرق سے اب مغرب اور شمال-مغربی ہو گئی ہے۔ وہیں ہوا میں نمی بہت کم ہے۔ ساتھ ہی ریگستانی علاقوں سے گرم ہوائیں مدھیہ پردیش پہنچ رہی ہیں، جو اپنے ساتھ تپش بھی لاتی ہیں۔ ریاست میں مارچ کے دوسرے پکھواڑے (پندرہ دنوں میں) تیز گرمی کا رجحان (ٹرینڈ) رہتا ہے، لیکن اس بار یہ رجحان بدل گیا ہے۔ دوسرے پکھواڑے کے بجائے آغاز میں ہی پارے میں اچھال آیا ہے۔ 15 مارچ کے بعد گرمی کا اثر مزید بڑھے گا اور کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری کے قریب یا اس سے تجاوز کر سکتا ہے۔
ریاست میں مارچ کے دوسرے ہفتے سے ہی گرمی کے تیور تیکھے ہو گئے ہیں۔ اس وجہ سے گوالیار-چنبل میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زیادہ ہو گیا ہے، جبکہ دیگر ڈویژنوں میں بھی 5-3 ڈگری کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بھوپال، اندور اور اجین میں بھی گرمی بڑھی ہے۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو 15 مارچ کے بعد تپش میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔
گزشتہ منگل کو دھار میں پارہ سب سے زیادہ 39 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ ساگر میں 38.9 ڈگری، رتلام میں 38.8 ڈگری، نرمدا پورم میں 38.8 ڈگری، کھجوراہو (چھترپور) میں 38.3 ڈگری، گنا میں 38.1 ڈگری اور دموہ-ٹیکم گڑھ میں 38 ڈگری درج کیا گیا۔ باقی شہروں میں بھی پارہ 34 ڈگری یا اس سے زیادہ ہی رہا۔ 5 بڑے شہروں کی بات کریں تو گوالیار میں سب سے زیادہ 37.2 ڈگری، اجین میں 37 ڈگری، جبل پور میں 36.6 ڈگری، اندور میں 36.8 ڈگری اور بھوپال میں 36.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن