
حیدرآباد، 10 مارچ (ہ س) ۔ حیدرآباد کے گنڈی پیٹ کے گولکنڈہ ریزارٹ میں بھارت راشٹرا سمیتی کے ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ کونسل کے لئے ایک خصوصی تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ اس ورکشاپ کا مقصد آنے والے اسمبلی سیشن کے دوران پارٹی کی حکمت عملی کو مربوط بنانا اور عوامی مسائل کو موثر انداز میں اٹھانا ہے۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ، بی آر ایس ایل پی کے ڈپٹی لیڈرس سبیتا اندرا ریڈی اور سرینواس یادو کے علاوہ اسمبلی وہپ وویکانند نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ ورکشاپ کے دوران عوامی نمائندوں کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط، دستوری امور اور ایوان میں اختیار کئے جانے والے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی ہدایات دی جا رہی ہیں۔اجلاس کے مختلف سیشن میں کونسل کے وائس چیئرمین بی پرکاش، کونسل میں اپوزیشن لیڈر مدھو سدن چاری، ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راو اور دیگر سینئر قائدین ارکان کو عوامی مسائل کی نشاندہی اور پارلیمانی ضوابط پر آگاہی فراہم کررہے ہیں۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد اپوزیشن کے طور پر حکومت کو عوامی مسائل پر گھیرنے کے لئے ایک مضبوط روڈ میپ تیار کرنا ہے۔ ورکشاپ کے آخری سیشن میں بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آرخطاب کریں گے جس میں وہ پارٹی ارکان کو مستقبل کی سیاسی جدوجہد اور اسمبلی کے اندر اور باہر عوامی آواز بننے کے لئے حتمی سمت فراہم کریں گے۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق