
حیدرآباد، 10 مارچ (ہ س) ۔ آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی میں ریاست کے بانی پوٹی سری راملوکی یاد میں تعمیر کردہ اسمرتی ونم (یادگار باغ) میں ان کے 58 فٹ اونچے مجسمہ کی نقاب کشائی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ گنٹورضلع کے پداپریمی علاقہ میں واقع اس اسمرتی ونم میں 16 مارچ کو پوٹی سری راملو کی 125 ویں یومِ پیدائش کی تقریب کے اختتام پراس یادگار کا افتتاح کیا جائے گا۔ وزیربی سی ویلفیئرسویتا نے حال ہی میں مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کیا اوربتایا کہ وزیر اعلیٰ این چندرا بابونائیڈو، نائب وزیراعلیٰ پون کلیان اور وزیر این لوکیش اس مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ انتہائی اہمیت کے حامل اس مجسمہ کومجسمہ قربانی کا نام دیا گیا ہے جسے کانسہ سے تیارکیا جا رہا ہے۔ اس مجسمہ کی اونچائی خاص طور پر 58 فٹ رکھی گئی ہے جو پوٹی سری راملوکی اس 58 روزہ بھوک ہڑتال کی علامت ہے جو انہوں نے مدراس ریاست میں الگ ریاست آندھرا کے قیام کے لئے کی تھی اور اپنی جان قربان کر دی تھی۔ ضلع کرشنا کے بمولورو سے تعلق رکھنے والے ماہر فنکاروں نے اس مجسمہ کے مختلف حصوں کو تیار کیا ہے جنہیں اب مرحلہ وار امراوتی منتقل کر کے جوڑا جا رہا ہے۔ اس یادگار کے احاطے میں مجسمے کے ساتھ ساتھ ایک جدید میوزیم، آڈیٹوریم اور میموریل گارڈن جیسی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے دارالحکومت کے شاکھامورو علاقہ میں تقریباً 6.8 ایکڑ اراضی پر یہ میموریل ٹرسٹ اور یادگار باغ قائم کیا ہے جس کا سنگ بنیاد گزشتہ سال وزیر این لوکیش نے رکھا تھا۔ وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے گزشتہ سال پوٹی سری راملوکی برسی کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ نیلورمیں ان کے آبائی گھر کو بھی ایک یادگار کے طور پر محفوظ کریں گے۔ اس تقریب کے لئے میموریل ٹرسٹ کے منیجنگ ٹرسٹی ڈونڈی راکیش اور دیگر ممتاز شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ پوٹی سری راملوکو اصل خراجِ عقیدت یہ ہے کہ تلگو قوم کو دنیا بھر میں پہلے نمبر پر لایا جائے اور یہ عظیم الشان مجسمہ آنے والی نسلوں کے لیے ان کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا رہے گا۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق