
حیدرآباد، 10 مارچ (ہ س) ۔ آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے راجہ مندری سرکاری ہاسپٹل میں ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ڈیوٹی کے دوران رقص کرنے والی دو نرسوں کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈ یو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمۂ صحت نے فوری کارروائی کی۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن سے ایک دن قبل ہاسپٹل کے سیمینار ہال میں کچھ نرسنگ عملے نے ایک آئٹم گانے پر رقص کیا تھا۔ اس دوران بنائی گئی ویڈیوسوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد عوام اور مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔ تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ نرسیں اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے مریضوں کو نظرانداز کرکے رقص میں مصروف تھیں، جو ایک غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ اعتراض عمل ہے۔معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد محکمۂ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اسے سنجید گی سے لیتے ہوئے فوری طور پرتحقیقات کا حکم دیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضلع کلکٹرکیرتی چیکوری نے دو ہیڈ نرسوں مرسی اور ایشوری کو فوری طورپرمعطل کرنے کے احکامات جاری کرد یے۔ حکام کے مطابق اس واقعہ میں رقص کی حوصلہ افزائی کرنے والی مزید 12 نرسوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں اوران سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔محکمۂ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران اس طرح کی لاپروائی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق