
نظام آباد ضلع میں حکومت کی افطار پارٹیحیدرآباد، 10 مارچ (ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے قلعہ روڈ پر حکومت کی جانب سے سرکاری افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑاور اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان نے مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔محمد علی شبیر نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ نظم و ضبط اور سخاوت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ تمام مسلم بھائی امن و خوشحالی کے ساتھ یہ تہوار منائیں۔ انہوں نے نظام آباد کو گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے بھائی چارہ کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے دوران مستحقین میں حکومت کی جانب سے رمضان تحفہ کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔ پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی تعلیم اور روزگار کے لئے کئی اہم اسکیمیں نافذ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلبہ کے لئے اسکالرشپس اور بیرون ملک تعلیم کے لئے مالی امداد کی سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے شادی مبارک اسکیم کو شفافیت کے ساتھ نافذ کیا جا رہا ہے۔ اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان نے کہا کہ حکومت اردو زبان کی ترویج اور وقف اراضیات کے تحفظ کو اولیت دے رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ اس افطار پارٹی میں شہر کی اہم شخصیات اور مسلم برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق