امیر، جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کا سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار، ایران پر حملے کی شدید مذمت
نئی دہلی،یکم مارچ(ہ س)۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے تہران پر ہوئے حالیہ امریکی اور ا
جماعت اسلامی ہندکے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ایران پر اسرائیل ،امریکہ حملے کی شدید مذمت کی ، کہا خطے میں شدید کشیدگی پھیلنے کا خطرہ


نئی دہلی،یکم مارچ(ہ س)۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے تہران پر ہوئے حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ان کو ہدف بنا کر قتل کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔میڈیا کو جاری اپنے بیان میں جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ایرانی عوام کے ساتھ سوگ میں شامل ہیں، حملے میں شہید ہونے والی ان کی صاحبزادی اور دیگر رشتہ داروں و عوام کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای دور حاضر میں مسلم دنیا کی ایک قد آور شخصیت تھے جن کی قیادت نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک ایران کے سیاسی اور فکری رخ کو متعین کیا۔ 1989 میں آیت اللہ امام خمینی کے انتقال کے بعد رہبر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وہ استقامت، خودمختاری اور بیرونی تسلط کے خلاف مزاحمت کی علامت بن کر ابھرے۔ ان کی پوری زندگی ایرانی عوام کی خودمختاری اور انقلابِ اسلامی ایران کے اصولوں کی پاسداری کے لیے وقف تھی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں امریکی۔اسرائیلی حملے میں ان کی شہادت نے عالمِ اسلام کے کروڑوں افراد کو غم زدہ کر دیا ہے۔سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ ہم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جارحانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا قتل ریاستی خودمختاری پر کھلا حملہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سخت خلاف ورزی ہے، جس کے لیے امریکہ اور اسرائیل کو عالمی برادری کے سامنے جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ایک برسرِ اقتدار سربراہِ مملکت کے سفاکانہ قتل کو جواز فراہم کرنے کے لیے من گھڑت بہانے تراش کر امریکہ اور اسرائیل نے نہ صرف ایک غیر قانونی جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے بلکہ اس نے اپنی ظالمانہ فطرت بھی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک بین الاقوامی اصولوں، انسانی وقار اور بنیادی تہذیبی اقدار کا احترام نہیں کرتے، انہیں ان کی غیر قانونی جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سزا دی جانی چاہیے۔

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف مزید جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے مو¿ثر اقدام کرے۔ اس بلا اشتعال حملے کی ذمہ دار قوتوں کا محاسبہ کیا جائے اور انہیں بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وہ اپنے اعمال کا جواب دیں۔ اس نوعیت کی جارحیت کو معمول کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا اور نہ ہی اسے نظر انداز کیا جا سکتا۔جماعتِ اسلامی ہند اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ پائیدار امن اور استحکام صرف اسی صورت ممکن ہے جب ممالک کی خودمختاری کا احترام کیا جائے اور بین الاقوامی تعلقات میں عدل و انصاف کےاصولوں کی پاسداری کی جائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande