
تیاریوں کا حتمی جائزہ اور لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اہم مشاورتی نشست کا انعقاد نئی دہلی،08فروری (ہ س)۔ ادارہ ادب اسلامی ہند کی جانب سے 13 سے 15 فروری 2026 (جمعہ، ہفتہ اور اتوار) تک ’اسلامی ادب: فکری اساس، تخلیقی تناظر اور عصری معنویت‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی سہ روزہ قومی کانفرنس کی تیاریاں اب آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں اتوار کو ادارے کے دفتر میں ایک اہم مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں کانفرنس کے پوسٹر کی باضابطہ رونمائی کی گئی۔نشست میں ادارہ ادب اسلامی کے اہم ذمے داران کے علاوہ علم و ادب سے خاص شغف رکھنے والی کئی شخصیات نے شرکت کی۔ جن میں ڈاکٹر خالد مبشر(ناظم اعلیٰ)، جناب حسنین سائر (خازن ادارہ)، ڈاکٹر معید الرحمن (اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی)، ڈاکٹر عرفان وحید (مرکزی سکریٹری ادارہ)، ڈاکٹر فیضان شاہد (استاد محکمہ تعلیم، حکومت دہلی)، جناب مصدق مبین (کنوینر کانفرنس اور جناب محمد ساجد ندوی (معاون مدیر ’پیش رفت‘) شامل تھے۔اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات، پروگرام کی تفصیلات اور تشہیری منصوبوں پر مشاورت ہوئی۔ تینوں دنوں کے سیشنز، موضوعات کی ترتیب، مہمانوں کی آمد ورفت، اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی گئی۔ شرکائے نشست نے زور دیا کہ یہ اجتماع اردو ادب کے فروغ اور اسلامی اقدار کی عصری معنویت کو اجاگر کرنے میں سنگ میل ثابت ہو۔ واضح رہے کہ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’اسلامی ادب: فکری اساس، تخلیقی تناظر اور عصری معنویت‘ ہے اور یہ مرکز جماعت اسلامی ہند، نئی دہلی کے کانفرنس ہال میں ہوگی۔ ادارہ نے تمام ادبا، محققین اور طلبہ کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ امید ہے کہ یہ تقریب اردو اور اسلامی ادبی روایت کو نئی جہت دے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais