
نئی دہلی، 24 فروری (ہ س)۔ دہلی میٹرو اسٹیشنوں پر خودکشیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ منگل کی صبح اتم نگر ایسٹ میٹرو اسٹیشن پر ایک شخص نے چلتی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا دی۔ واقعے سے اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ میٹرو پولیس یونٹ کے مطابق، صبح تقریباً 10:12 بجے، کنٹرول روم کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے پلیٹ فارم سے پٹریوں پر چھلانگ لگا دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس شخص نے جان بوجھ کر پلیٹ فارم سے پٹریوں پر چھلانگ لگائی تھی۔ لاش کو بعد میں پٹریوں سے نکالا گیا۔ میٹرو پولس کے ڈپٹی کمشنر کشال پال سنگھ کے مطابق، مرنے والے کی شناخت مہاراج سنگھ (45) کے طور پر ہوئی ہے جو کہ کرولی، راجستھان کا رہنے والا ہے۔ وہ پیشے سے پینٹر تھا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ وہ کئی سالوں سے ڈپریشن میں مبتلا تھا اور رام منوہر لوہیا اسپتال میں زیر علاج تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پیر کو علاج کے لیے اسپتال بھی گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مہاراج سنگھ اپنے بڑے بھائی کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے اتم نگر آئے تھے۔ اس کے پسماندگان میں بیوی، ایک 18 سالہ بیٹی اور 17 اور 20 سال کے دو بیٹے ہیں۔ واقعے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے دین دیال اپادھیائے اسپتال بھیج دیا گیا۔ پولیس نے بی این ایس ایس ایکٹ کی دفعہ 194 کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی