
ویمنس پولی ٹیکنک میں ذہنی صحت وتندرستی پر ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 24 فروری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس پولی ٹیکنک میں طلبہ اور عملے کے اراکین کے درمیان جذباتی استحکام اور نفسیاتی صحت سے متعلق آگہی کو فروغ دینے کے لیے ایک ورکشاپ، پرنسپل و کنوینر ڈاکٹر سلمیٰ شاہین کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ سویتا گوتم ورکشاپ کی شریک کنوینر تھیں۔ ورکشاپ میں ریسورس پرسن ڈاکٹر نشید امتیاز، کوآرڈینیٹر، اسٹوڈنٹس کاؤنسلنگ سینٹر، اے ایم یو نے اپنی ٹیم کی رکن اور اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عائشہ رحمن کے ہمراہ شرکت کی۔
ڈاکٹر امتیاز نے اپنے خصوصی خطاب میں ذہنی صحت کے تصور کی تفصیلی وضاحت پیش کی، نوجوانوں کو درپیش عام ذہنی دباؤ کے اسباب پر روشنی ڈالی اور تعلیمی ذمہ داریوں اور ذاتی زندگی میں توازن قائم رکھنے کے لیے عملی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا۔ مس ہادیہ اور مس علینہ کی جانب سے منعقدہ ایک کیتھارسس سرگرمی میں علامتی غباروں کے ذریعے دبے ہوئے جذبات کے اثرات کو واضح کیا گیا۔
استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ تیز رفتار زندگی اور مسابقتی ماحول میں ذہنی صحت بھی جسمانی صحت جتنی ہی اہم ہے۔ انہوں نے طالبات کو اپنے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کرنے، بلا جھجھک رہنمائی حاصل کرنے اور ایک ہمدرد و معاون کیمپس ماحول کی تشکیل میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ جذباتی مضبوطی، خود آگہی اور استقامت زندگی کی ایسی بنیادی مہارتیں ہیں جو انسان کو اپنے مقاصد کے حصول اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ ”اپنی طاقت کو پہچانیں“ عنوان سے منعقدہ ایک سیشن میں مس عظمیٰ نے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور مثبت خود اعتمادی کو فروغ دینے کی ترغیب دی، جبکہ مس مدیحہ نے گائیڈیڈ امیجری کی ایک مشق کرائی جس میں ذہنی سکون اور داخلی توازن کے لئے متعلقہ تکنیکوں سے روشناس کرایا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹر عائشہ رحمن نے اضطراب پر قابو پانے اور مشکل حالات میں توجہ برقرار رکھنے کے طریقوں پر عملی سیشن منعقد کیا۔ اختتامی کلمات میں ڈاکٹر گوتم نے کاؤنسلنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے ورکشاپ کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے انہیں ذہنی دباؤ سے نمٹنے، خود اعتمادی بڑھانے اور اپنی تعلیمی زندگی کو وضاحت، استقامت اور امید کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ