
جموں، 24 فروری (ہ س)۔
جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی ہدایات کی تعمیل میں حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں نجی اسکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ فیس کا ڈھانچہ طے کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔فیس تعین و ضابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ پینل رِٹ پٹیشن (سی نمبر 10702) میں دی گئی ہدایات کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ نے ہدایت دی تھی کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں گورنمنٹ کمشنر سکریٹری محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم، کمشنرسکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ، خصوصی سکریٹری قانون آشیش گپتا اور ڈپٹی لیگل ریمیمبرنسر فیس تعین و ضابطہ کمیٹی فردوس پرے شامل ہوں۔
کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کرایوں کے تعین کے سلسلے میں ماہرین کو شامل کر سکے اور متعلقہ علم رکھنے والے افسران سے معاونت حاصل کرے۔ کمیٹی اپنی میٹنگوں اور کارروائی کے لیے مناسب طریقہ کار اختیار کرے گی اور حکم نامہ جاری ہونے کی تاریخ سے ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر