سنیما اور سیریئلز کی دنیا میں علی گڑھ کا کلیدی کردار
سنیما اور سیریئلز کی دنیا میں علی گڑھ کا کلیدی کردار علی گڑھ، 17 فروری (ہ س)۔ اے ایم یو کے مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (اردو اکادمی) کے زیراہتمام ’’علی گڑھ کی ثقافت،فکشن، ڈرامہ اور ٹی وی پروڈکشن کا فن“ موضوع پر ایک خصوصی لیکچر ممتاز ڈا
اردو اکیڈمی


سنیما اور سیریئلز کی دنیا میں علی گڑھ کا کلیدی کردار

علی گڑھ، 17 فروری (ہ س)۔ اے ایم یو کے مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (اردو اکادمی) کے زیراہتمام ’’علی گڑھ کی ثقافت،فکشن، ڈرامہ اور ٹی وی پروڈکشن کا فن“ موضوع پر ایک خصوصی لیکچر ممتاز ڈائریکٹر، اسکرپٹ رائٹر، پروڈیوسر اور شاعر جناب زماں حبیب نے دیا۔ پروگرام کی صدارت اردو اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر شاداب نے کی۔

اپنے خطاب میں جناب زماں حبیب نے کہا کہ سنیما، اسٹیج ڈرامہ، فکشن، شاعری اور ٹی وی پروڈکشن کے شعبوں میں علی گڑھ کا کلیدی رول رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محنت شاقہ، فعالیت اور عزم راسخ سے ہی ترقی کی کوئی بھی راہ آسان ہو سکتی ہے اورامتیازی کارکردگی سے ہی شناخت ممکن ہے۔ انہوں نے خود کو منفرد بنانے کے لیے غائر مطالعہ پر اصرارکیا اور کہا کہ میں جمود پسند نہیں کیونکہ جمود اور ٹھہراؤ سے زندگی کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنیما، اسٹیج ڈرامہ، ٹی وی سیریئلزاورگیت کی دنیا میں اپنے پاؤں جمانے کے لیے انفرادی طور پر کچھ نیا کرنا ہوگا۔ زماں حبیب نے تھیئٹر، اسٹیج ڈرامہ، اسکرپٹ رائٹنگ اورٹی وی پروڈکشن کے فن پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ و طالبات میں ڈاکٹر انجم پروین، صدام حسین، مریم بی، عفان حسن اورسید فیضان کے خوش فکر سوالوں کا سیر حاصل جواب بھی دیا۔

اس موقع پر پروفیسرارمان رسول نے تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ زماں حبیب نے سنیما اور ٹی وی سیریئلز کی دنیا میں اپنی خدمات کا لوہا منوایا ہے۔ ان کی امتیازی کامیابی میں علی گڑھ کا اہم رول رہا ہے۔ اردو اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر شاداب نے اپنے صدارتی کلمات میں جناب زماں حبیب کو فلم اور ٹیلی ویژن کے افق پر عہد حاضر کا ایک روشن ستارہ قرار دیا اور کہا کہ ان کے گراں قدر کارناموں پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زماں حبیب کی نظم و نثر میں مشرقی اقدار اور گنگا جمنی تہذیب کے دھارے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق صدف نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیے۔اس موقع پر متعدد سینئر اساتذہ و شخصیات نے شرکت کی جن میں پروفیسر انور شہزاد،ڈاکٹر دانش محمود،ڈاکٹر سیدحسین حیدر،جناب جانی فاسٹر، جناب ناصر احمد،ڈاکٹر بکر عالم صدیقی،ڈاکٹر خلیق الزماں، ڈاکٹر انجم پروین،ڈاکٹر یاسر وغیرہ شامل تھے۔ مختلف شعبوں کے ریسرچ اسکالرز نے بطور خاص شرکت کی اور ممتاز ڈائریکٹر پروڈیوسر، نغمہ نگاراوراسکرپٹ رائٹر کی گفتگو سے فیضیاب ہوئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande