حج2026: عازمین حج کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر،سرکاری اسپتالوںمیں صحت کی جانچ کا سلسلہ جاری
نئی دہلی، 17 فروری (ہ س)۔ حج 2026 کی تیاریوں کے درمیان اور ماہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے وزارت اقلیتی امور حکومت ہند،حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے، حکومت سعودی عربیہ کی وزارت صحت کی ہدایات کے مط
حج2026: عازمین حج کا تربیتی کیمپ اختتام پزیر،سرکاری اسپتالوںمیں صحت کی جانچ کا سلسلہ جاری


نئی دہلی، 17 فروری (ہ س)۔ حج 2026 کی تیاریوں کے درمیان اور ماہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے وزارت اقلیتی امور حکومت ہند،حج کمیٹی آف انڈیا اور ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے، حکومت سعودی عربیہ کی وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق عازمین حج کی میڈیکل جانچ کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی سے فراہم اطلاع کے مطابق دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی تربیت کے لیے گزشتہ 2 فروری سے 17 فروری تک جاری حج تربیتی کیمپ آج مکمل ہوگیا۔ عازمین حج کی تربیت کے لیے منعقد کیے گئے اس پندرہ روزہ حج تر بیتی پروگرام میں ریاست دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کوحج و عمرہ کے اعمال و ارکان اور دیگر متعلقہ معلومات فراہم کی گئیں۔ اس دوران عازمین کو تربیت فراہم کرنے والے ماہرین میں مسجد القریش کے امام و خطیب اور جمیعت علما ہند کے دار القضاءکے مفتی محمد شمیم احمد ، عالمہ محترمہ صبیحہ جمال صالحاتی ، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، معروف فٹنس ٹرینر ڈاکٹر بدر الاسلام کیرانوی،خاتون فٹنس ٹرینر کوثر، کے علاوہ حج کمیٹی کے مختلف علاقائی ٹرینر نے عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے کا فریضہ انجام دیا۔ ماہ رمضان المبارک کے بعد ایک بار پھر حج کمیٹی کی جانب سے علاقائی سطح پر حج تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اشفاق احمد عارفی کی فراہم اطلاع کے مطابق دلی سرکار کے جن چوبیس اسپتالوں میں عازمین حج کی خصوصی میڈیکل جانچ کا سلسلہ جاری ہے ان میں لوک نایک اسپتال، جی بی پنت اسپتال، جی ٹی بی اسپتال، جوشی اسپتال، مدن موہن مالویہ اسپتال،جگ پرویش اسپتال، ہیڈ گوار اسپتال،ارونا آصف علی اسپتال،لال بہادر شاستری اسپتال وغیرہ شامل ہیں۔ ابھی تک اپنی صحت کی جانچ مکمل نہ کروا سکنے والے عازمین ان اسپتالوں میں اپنی جانچ کرواسکتے ہیں۔ عازمین اپنی صحت کی جانچ کروانے کے بعد اپنے میڈیکل کارڈ کے ساتھ آصف علی روڈ پر ترکمان گیٹ سے متصل واقع دہلی حج کمیٹی کے دفتر سے رابطہ قائم کر کے اپنا لازمی ٹیکہ لگوانا لازمی ہوگا۔

واضح ہو کہ اس سال دہلی سے حج پر روانگی آیندہ اٹھارہ اپریل سے شروع ہوگی اور بیس مئی تک جاری رہے گی۔ اس درمیان کل 55 حج پروازوں میں 4 مئی تک ابتدائی 31 پروازیں مدینہ منورہ جبکہ 6 مئی سے بیس مئی تک 23 پروازیں مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی جن میں آخری 6 پروازیں قلیل مدتی حج کے عازمین پر مشتمل ہوں گی۔اس سال دہلی سے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کی تعداد تقریباً3200ہیں جن میں 1651مرد عازمین حج جبکہ 1560خواتین شامل ہیں جبکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حج پر روانہ ہونے والے مختلف ریاستوں مثلاً اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، راجستھان،چنڈی گڑھ،اتراکھنڈ،جموں کشمیر، جھارکھنڈاور بہارکے عازمین حج کی کل تعداد تقریباً 23000 ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande