
آندھرا پردیش میں این ٹی آرودیا لکشمی اوراین ٹی آر کلیان لکشمی اسکیموں کا اعلانحیدرآباد، 17 فروری (ہ س)۔ آندھراپردیش کی چندرابابو نائیڈو حکومت نے ڈواکرا گروپ کی خواتین کو معاشی طورپر مستحکم کرنے اوران کے خاندانوں کی مدد کے لئے دونئی اہم اسکیموں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اسکیموں کا افتتاح 3 مارچ کو کیا جائے گا جوکہ سوسائٹی فارایلیمینیشن آف رورل پاورٹی (ایس ای آرپی) کے قیام کی 25 ویں سالگرہ کا موقع بھی ہے۔ حکومت کی جانب سے این ٹی آر ودیا لکشمی اوراین ٹی آرکلیانا لکشمی اسکیموں کے تحت ڈواکراخواتین کے بچوں کی تعلیم اوران کی شادیوں کے لئے استری ندھی بینک کے ذریعہ ایک لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ یہ قرض صرف 25 پیسے شرح سود پردیا جائے گا۔ قرض کی واپسی کے لئے خواتین کو48 ماہانہ اقساط کی سہولت دی جائے گی۔ ان اسکیموں کے لئے زیادہ کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شادی کے لئے قرض حاصل کرنے کے لئے صرف شادی کا کارڈ (لگن پتریکا) اور اخراجات کا تخمینہ جمع کرانا ہوگا جس کے بعد یہ رقم براہ راست بینک کھاتوں میں جمع کروادی جایے گی۔ حکومت نے ان دونوں اسکیموں کے نفاذ کے لئے 2,000 کروڑروپے کے بجٹ کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس کا فائدہ اٹھانے کے لئے خاتون کا کم ازکم 6 ماہ سے کسی ڈواکراگروپ کی رکن ہونا لازمی ہے۔ بائیومیٹرک تصدیق کی بنیاد پرمستحقین کوقرض جاری کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو 3 مارچ کو ان اسکیموں کا افتتاح کریں گے جبکہ خواتین کے عالمی دن(8 مارچ) کی مناسبت سے بھی ریاست بھرمیں جشن کا اہتمام کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق