
نئی دہلی،13فروری(ہ س)۔نیشنل ہاوسنگ بینک اور ایشیا پیسیفک یونین برائے ہاوسنگ فائنانس ( اے پی یو ایچ ایف ) کی جانب سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا 12 اور 13 فروری، 2026 ءکو بھارت منڈپم میں انعقاد کیا گیا ۔ آج بھارت منڈپم میں مکانات اور شہری امور کے وزیر منوہر لال نے ہاو¿سنگ فائنانس کے بدلتے منظرنامے پر بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع تھا: شمولیت، استحکام اور پائیداری۔مکانات اور شہری امور کے وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہاوسنگ فائنانس کو ہر شہری کے لیے زیادہ قابل رسائی، کم خرچ اور شمولیت پر مبنی بنانے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو یکجا کرنا ضروری ہے۔وزیر موصوف نے مربوط شہری منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا، جس میں ٹرانسپورٹ سے منسلک ہاوسنگ ڈیولپمنٹ اور دور اندیشی پر مبنی پالیسی کی نئی جدتیں شامل ہوں۔ انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ قومی ہاوسنگ ایکسچینج جیسے جدید حل پر غور کیا جائے، جس میں مختلف مقامات پر دستیاب ہاوسنگ کے جامع ڈیٹا کی بنیاد پر شہری اپنے کام کی جگہ کے قریب موزوں گھر تلاش کر سکیں اور ملحقہ جائیداد کے تبادلے کے ذریعے سفر کے وقت کی بچت کی جاسکے۔وزیر موصوف نے نیتی آیوگ اور مکانات اور شہری امور کی وزارت ( ایم او ایچ یو اے ) کی مشترکہ تحقیق کے نتائج بھی پیش کیے، جس میں 2021 ءمیں بھارت کی شہری آبادی کو 500 ملین اور 2050 ءتک اس کے 850 ملین سے زیادہ پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آبادی میں تبدیلی ملک بھر میں کم خرچ ہاوسنگ کی مانگ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ منوہر لال نے اس نمو کے لیے تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانزٹ اور ہاوسنگ پر مبنی ترقی ( ٹی او ڈی ) ماڈل کے ذریعے مضبوط شہری بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے تاکہ ہاوسنگ زیادہ قابل رسائی اور پائیدار بنائی جا سکے۔انہوں نے مالی اداروں بشمول بینک، ہاوسنگ فائنانس کمپنیوں اور قومی ہاوسنگ بینکوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ تعاون کریں اور ملک بھر میں ہاوسنگ اسٹاک کو بڑھانے کے لیے مزید کریڈٹ سپورٹ فراہم کریں۔اپنے خطاب کے اختتام پر ، وزیر موصوف نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ویڑن کا اعاادہ کیا کہ ہر اہل شہری کو باعزت طور پر گھر فراہم کرنا، جو حکومت کی ” ہاوسنگ فار آل “ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس پروگرام میں حکومت کے مختلف ادارے، عالمی ادارے، پرائیویٹ ایکویٹی پلیئرز اور ہاوسنگ فائنانس کمپنیوں نے شرکت کی۔کانفرنس کے ذریعے بات چیت ، معلومات کے تبادلے اور اسٹریٹجک تعاون کا پلیٹ فارم فراہم کیاگیا اور بھارت کے کم خرچ ہاوسنگ اور شہری ترقی کے چیلنجز اور مواقع سے نمٹنے کے عزم کو مستحکم کرنے کا اظہار کیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan