
مغربی بنگال کے جون پٹ میں ڈی آر ڈی او کا نیا میزائل ٹیسٹنگ سینٹر قائم کرنے کے منصوبے کو منظوری ملی ۔چاندی پور اور عبدالکلام جزیرے کے ٹیسٹنگ مراکز پر دباو¿ کم ہوگا۔8.73 ایکڑ اراضی پر یہ سہولت تیار کی جائے گی۔
کولکاتا، 9 نومبر (ہ س):۔
مغربی بنگال کے مشرقی میدنی پور ضلع کے جون پٹ گاو¿ں میں دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کا نیا ہتھیار اور میزائل ٹیسٹنگ سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ اب عملی شکل اختیار کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ریاست میں وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کے قیام کے بعد ستمبر 2026 میں اس اہم اسٹریٹجک منصوبے کو منظوری دی گئی تھی۔ اسے ملک کے دفاعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور 'آتم نربھر بھارت' مہم کو رفتار دینے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ریاستی سکریٹریٹ کے ایک سینئر افسر کے مطابق، تقریباً 8.73 ایکڑ اراضی پر قائم ہونے والا یہ مرکز اوڈیشہ کے چاندی پور میں واقع انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) کے معاون مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
فی الحال چاندی پور اور عبدالکلام جزیرے میں واقع ٹیسٹنگ مراکز پر جدید ترین مقامی دفاعی نظاموں کے تجربات کا کافی دباو¿ ہے۔ جون پٹ مرکز شروع ہونے کے بعد ڈی آر ڈی او کو اضافی آپریشنل علاقہ دستیاب ہوگا، جس سے نئے میزائل نظاموں اور دفاعی آلات کی جانچ اور تیاری کے عمل میں تیزی آئے گی۔
دفاعی ماہر اور آر ایس ایس کے سابق سینئر عہدیدار امانیش ایّر نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ چاندی پور میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے اور اسٹریٹجک میزائلوں کے تجربات جاری رہیں گے، جبکہ جون پٹ مرکز میں بنیادی طور پر کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں، ریڈار سسٹم، ساحلی دفاعی ٹیکنالوجی اور ٹریکنگ و ٹیلی میٹری نظاموں کی جانچ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جون پٹ کا انتخاب اس کے جغرافیائی اور اسٹریٹجک محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، جون پٹ کو چاندی پور اور عبدالکلام جزیرے میں واقع ٹیسٹنگ مراکز کے سمندری راستے سے جوڑنے پر تقریباً 150 کلومیٹر کا سمندری ٹیسٹنگ علاقہ دستیاب ہو سکے گا۔ یہ موجودہ 74 کلومیٹر کے فاصلے سے کافی زیادہ ہوگا۔
اس وسیع سمندری علاقے سے انٹرسیپٹر اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات کے لیے محفوظ لانچنگ اور ہدف تک پہنچنے کا مناسب فاصلہ دستیاب ہوگا۔ اس سے ہندوستان کے بیلسٹک میزائل ڈیفنس (بی ایم ڈی) پروگرام کو بھی مضبوطی ملنے کی امید ہے۔
منصوبے کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے امانیش ایّر نے کہا کہ جون پٹ میں نیا ٹیسٹنگ سینٹر ہندوستان کی دفاعی تیاریوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔
تقریباً 150 کلومیٹر کے سمندری دائرے میں مقامی طور پر تیار کیے گئے میزائلوں کی درستگی، مار کرنے کی صلاحیت اور فضائی دفاعی نظاموں کے زیادہ وسیع اور محفوظ طریقے سے تجربات کیے جا سکیں گے۔
دو سال سے زیر التوا تھا منصوبہ
یہ منصوبہ اپریل 2024 سے انتظامی اور سیاسی رکاوٹوں کے باعث زیر التوا تھا۔
وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے 11 ستمبر 2026 کو اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت نے قومی اہمیت کے اس منصوبے کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے اسے مغربی بنگال اور ملک کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا تھا۔
بی جے پی کے ریاستی صدر شمیک بھٹاچاریہ نے بھی اسے ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے انتظامی تعطل ختم ہوا ہے۔اس منصوبے سے دفاعی شعبے سے وابستہ معاون صنعتوں، تکنیکی تحقیق اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ