
وردھا، 9 نومبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وردھا ضلع میں ہنگن گھاٹ تعلقہ کے نندوری روڈ پر 4 یوریشین رولر پرندوں کی موجودگی درج کی گئی ہے۔ یورپ اور وسطی ایشیا سے افریقہ کی جانب نقل مکانی کرنے والے ان رنگین پرندوں کا ایک ساتھ نظر آنا پرندوں کے ماہرین کے لیے دلچسپی کا باعث بنا ہے۔ رواں سال ودربھ، کوکن اور مغربی مہاراشٹر سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں ان پرندوں کی نسبتاً زیادہ موجودگی کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ جنوبی اور مغربی ہندوستان میں بھی گزشتہ برسوں کے مقابلے زیادہ مشاہدات کی اطلاع دی گئی ہے۔
یوریشین رولر کا بنیادی مسکن یورپ، وسطی اور مغربی ایشیا کے علاقے ہیں، جبکہ سردیوں میں یہ افریقہ کا رخ کرتا ہے۔ اگست سے نومبر کے دوران ہندوستان اس کی نقل مکانی کا اہم راستہ بنتا ہے۔ عمومی راستہ یورپ اور وسطی ایشیا سے ہندوستان، بحیرہ عرب اور پھر افریقہ تک بتایا گیا ہے۔ راجستھان اور گجرات اہم گزرگاہیں ہیں، تاہم بعض پرندے مہاراشٹر، جنوبی ہندوستان اور ساحلی علاقوں سے بھی گزرتے ہیں۔ ہندوستان میں اسے مستقل رہائشی کے بجائے عارضی طور پر ٹھہرنے والا مہاجر پرندہ سمجھا جاتا ہے۔
وردھا ضلع میں نندوری روڈ پر پرندوں کے ہفتے سے 4 دن قبل ان 4 پرندوں کا مشاہدہ ماہرین پروین کڈو، شیکھر جامونکر اور جنگلی حیات کے فوٹوگرافر ایم ایس آر شاد نے درج کیا۔ ایم ایس آر شاد نے بجلی کی تار پر بیٹھے یوریشین رولر کی تصویر بھی اپنے کیمرے میں محفوظ کی۔ ایک ہی مقام پر 4 پرندوں کی موجودگی نے مقامی پرندہ شناسوں میں خوشی اور تجسس پیدا کیا ہے۔
ماہرین کے سامنے اہم سوال یہ ہے کہ اس مرتبہ مہاراشٹر میں ان پرندوں کے زیادہ مشاہدات کیوں ہورہے ہیں۔ ممکنہ وجوہ میں معمول کے راستے سے ہٹ کر جنوبی سمت نقل مکانی، موسمی تبدیلیاں، ہواؤں، بارش اور درجہ حرارت کے اثرات شامل ہیں۔ ٹڈیوں، بھنوروں اور دوسرے کیڑوں کی دستیابی بھی ان کے قیام کے مقامات پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ تاہم ان امکانات کو ابھی حتمی وجہ قرار نہیں دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / جاوید این اے