
امرتسر، 4 نومبر (ہ س)۔ امرتسر دیہی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرحدی علاقوں میں تین الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے چار منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 23 کلو 500 گرام ہیروئن اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔ برآمد شدہ منشیات میں سے 13 کلو ہیروئن پاکستان سے ڈرون کے ذریعے ہندوستانی حدود میں بھیجی گئی تھی۔
پہلی کارروائی لوپوکے تھانہ پولیس نے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی خفیہ شاخ کے ساتھ مل کر انجام دی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پاکستان سے ڈرون کے ذریعے بھیجی گئی منشیات کی کھیپ آگے پہنچانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس اطلاع پر پولیس نے لوپوکے روڈ پر مہتم پورہ کے قریب ناکہ بندی کی۔ اس دوران لودھی گجر گاؤں کے رہنے والے سکھمن پریت سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے 13 کلو ہیروئن اور میگزین سمیت ایک پستول برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی گھرنڈا تھانہ پولیس نے کی۔ پولیس نے ترن تارن ضلع کے جھبال علاقے کے پنجوڑ گاؤں کے رہنے والے گرچرن سنگھ عرف بخشیش سنگھ اور بکرم جیت سنگھ کو گرفتار کیا۔ سرکاری باغبانی نرسری کے قریب تعینات پولیس ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل پر منشیات کی کھیپ لے کر جی ٹی روڈ کی طرف جا رہے ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی کرکے موٹر سائیکل کو روک لیا۔ تلاشی کے دوران دونوں کے قبضے سے 10 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔
تیسری کارروائی میں گھرنڈا پولیس نے اٹاری کے والمیکی محلہ کے رہنے والے راہل سنگھ عرف دھولا کو گرفتار کیا۔ گشت کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اپنی جیب سے ایک شفاف لفافہ نکال کر پھینکنے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے اسے موقع پر ہی پکڑ لیا اور لفافہ بھی برآمد کر لیا۔ جانچ کے آلے سے منشیات کی ابتدائی جانچ اور الیکٹرانک ترازو پر وزن کرنے کے بعد پولیس نے 500 گرام ہیروئن برآمد ہونے کی تصدیق کی۔
امرتسر دیہی پولیس نے تینوں معاملات میں منشیات سے متعلق این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت الگ الگ ایف آئی آر درج کی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی