
گوہاٹی، 3 نومبر (ہ س): آسام کی ہیمنت بسوا سرما کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف بلڈوزر کارروائی کر رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ لیکن وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اپنے موقف پر قائم ہیں کہ ـ ’’میں نے کتنی بار کہا ہے کہ آسام کی زمین یہاں کے لوگوں کے لیے ہے، دراندازوں کے لیے نہیں۔ لیکن کچھ لوگ شاید میری بات سمجھنا نہیں چاہتے۔ ان کے لیے پیش ہے جے سی بی۔‘‘
رواں سال جنوری سے نومبر کے دوران آسام حکومت نے ریاست کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر تجاوزات مخالف مہم چلائی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سال 2026 میں خاص طور پر دھوبڑی، ناگاؤں، ہوجائی، گولاگھاٹ اور شیوساگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے تحت ہزاروں بیگھہ زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا اور ہزاروں خاندانوں کو وہاں سے بے دخل کیا گیا۔
جنوری 2026 میں بھی ہوجائی ضلع کے محفوظ جنگلاتی علاقوں میں ابتدائی مرحلے کی ایک مہم چلائی گئی تھی، جس کے دوران تقریباً 1,098 خاندانوں کو بے دخل کرکے 700 ہیکٹیئر زمین خالی کرائی گئی تھی۔
آسام انتظامیہ نے سال 2026 میں خصوصی طور پر محفوظ جنگلاتی علاقوں اور سرکاری زمینوں کو نشانہ بنایا۔ نومبر 2026 کے ابتدائی دنوں میں ہی دھوبڑی ضلع کے گوری پور سرکل کے تحت عالم گنج (پارٹ-9) گاؤں میں ایک بہت بڑی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع کے تین ریونیو گاؤں، چاروآباخرا، سنتوش پور اور چیراکوٹا پارٹ-1 میں بھی کارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں بھی بے دخلی مہم چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اسی طرح اکتوبر 2026 کے وسط میں ناگاؤں ضلع کے لٹوماری لونجاپ محفوظ جنگلات اور بورپانی جنگلاتی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران محفوظ جنگلاتی اراضی کو ناجائز قبضے سے آزاد کرایا گیا۔ حکومت نے خالی کرائی گئی زمین پر درخت لگانے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔
اسی طرح ہوجائی ضلع کے جمنا-ماؤدنگا محفوظ جنگلاتی علاقے میں بھی تجاوزات ہٹائی گئیں۔ جبکہ گولاگھاٹ ضلع کے نیگھیری بل، دوئینگ اور نامبور جنوبی محفوظ جنگلات میں بھی بلڈوزر کارروائی کی گئی۔ وہیں شیوساگر ضلع کے نازیرا میں رنگاجان چائے باغان علاقے سے بھی اکتوبر کے مہینے میں زمین خالی کرائی گئی۔
سال 2026 میں مختلف اوقات میں چلائی گئی ان مہمات کے دوران ہزاروں بیگھہ (سینکڑوں ہیکٹیئر) زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے مطابق، اکتوبر کے مہینے میں گولاگھاٹ، ہوجائی اور ناگاؤں اضلاع میں چلائی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران 638 ہیکٹیئر (تقریباً 4,700 بیگھہ سے زیادہ) محفوظ جنگلاتی زمین کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کرایا گیا۔ اس میں اکیلے ہوجائی میں تقریباً 525 بیگھہ اور نازیرا میں 560 بیگھہ زمین شامل تھی۔ نومبر کے ابتدائی دنوں میں دھوبڑی ضلع انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں کی گئی کارروائی کے دوران 650 بیگھہ (تقریباً 215 ایکڑ) سرکاری خاص زمین کو خالی کرایا گیا ہے۔
بے دخلی مہم کے دوران متاثر ہونے والے خاندان
ان بے دخلی مہمات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ اکتوبر 2026 میں ناگاؤں، ہوجائی اور گولاگھاٹ اضلاع میں دو روزہ بڑی کاروائی کے دوران 1,100 سے زائد خاندان (تقریباً 5,000 سے زیادہ افراد) بے گھر ہوئے۔ صرف ناگاؤں کے لٹوماری جنگلاتی علاقے سے ہی 600 سے زیادہ خاندانوں کو ہٹایا گیا۔ اسی طرح دھوبڑی ضلع میں نومبر کے مہینے میں عالم گنج میں کی گئی کارروائی کے دوران 550 سے 640 خاندانوں (تقریباً 4,000 افراد) کے مکانات منہدم کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں یہ خاندان بے گھر ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد