برفیلے پانی میں مشقت کے باوجود مناسب قیمت سے محروم ندرو کاشتکاروں کا نرخ بڑھانے کا مطالبہ
سری نگر، 28 نومبر (ہ س)۔ وادی کی مختلف جھیلوں میں اگنے والی روایتی سبزی ندرو کو پانی سے نکال کر مقامی منڈیوں تک پہنچانے کا کام ان دنوں زوروں پر ہے۔ تاہم اس کاشت سے وابستہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ برفیلے پانی میں گھنٹوں کی مشقت کے باوجود انہیں مناسب
Nadru growers at Anchar Lake in Srinagar


سری نگر، 28 نومبر (ہ س)۔ وادی کی مختلف جھیلوں میں اگنے والی روایتی سبزی ندرو کو پانی سے نکال کر مقامی منڈیوں تک پہنچانے کا کام ان دنوں زوروں پر ہے۔ تاہم اس کاشت سے وابستہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ برفیلے پانی میں گھنٹوں کی مشقت کے باوجود انہیں مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کام کی سختی کے پیش نظر منڈی کے نرخوں میں اضافے اور ندرو کی بڑھتی مانگ کے مدنظر اسے بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ندرو کشمیر کی روایتی سبزی اور یہاں کے پکوانوں کا لازمی جزو ہے۔ اسے مسلمان، پنڈت اور سکھ یکساں طور پر پسند کرتے ہیں، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری پنڈت اسے کشمیر سے منگواتے رہتے ہیں۔ ڈل کے علاوہ یہ نگین، آنچار، ولر اور مانسبل جھیلوں میں بھی اگائی جاتی ہے اور ہزاروں لوگوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ڈل جھیل سے تقریباً 3000 اور آنچار جھیل سے تقریباً 600 کاشتکار ندرو کی کاشت سے وابستہ ہیں۔ صرف ڈل جھیل میں ندرو کی سالانہ پیداوار کا تخمینہ 450 سے 500 میٹرک ٹن لگایا جاتا ہے، جو تقریباً 99.5 ہیکٹر رقبے پر اگائی جاتی ہے۔

یہ سبزی وزیر اعظم یا صدر جمہوریہ کی جانب سے بیرونی ممالک کے سربراہان کو دیے جانے والے ظہرانوں اور عشائیوں کے مینو میں اکثر شامل رہتی ہے۔ چند ماہ قبل ہی راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پارملین اور ان کی اہلیہ کیرولین پارملین کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی یہ شامل تھی۔ اس سے قبل امریکی صدر براک اوباما کے مینو کا بھی یہ حصہ رہی۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ نقطۂ انجماد سے نیچے درجۂ حرارت اور برفیلے پانی میں گھنٹوں کھڑے رہ کر ہاتھوں سے ندرو نکالنا پڑتا ہے، لیکن اس مشقت کے مقابلے میں انہیں مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔ ہندوستھان سماچار نے سری نگر کی آنچار جھیل میں اس کاشت سے وابستہ کئی کاشتکاروں سے بات چیت کی۔ فاروق احمد نامی ایک کاشتکار نے اس کام کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا: ’’یہ کام سخت مشکل ہے۔ منفی درجۂ حرارت میں بہت ٹھنڈے پانی میں گھنٹوں کھڑے رہ کر ندرو کو نکالنا پڑتا ہے اور پھر اس کی گھٹریاں بنائی جاتی ہیں، جن کی منڈیوں میں آج بھی وہی قیمت ہے جو سات آٹھ سال قبل تھی۔‘‘ ان کا کہنا تھا: ’’آج بھی ندرو کی ایک گھٹری دو سو سے ڈھائی سو روپے میں فروخت ہوتی ہے۔ ہاں، یہ بات بھی ہے کہ معیاری ندرو کی ایک گھٹری، جو عام گھٹری سے کافی بڑی ہوتی ہے، پانچ سو سے چھ سو روپے میں بکتی ہے، لیکن لوگوں کی اکثریت چھوٹی گھٹریاں ہی خریدتی ہے۔‘‘

فاروق احمد نے شکایت کی کہ جھیلوں کی روز بروز بڑھتی گندگی سے نہ صرف یہ کام مشکل ہو رہا ہے بلکہ ندرو کی کاشت پر بھی برے اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’میں گزشتہ کئی برسوں سے اپنی زمین سے ندرو نکال رہا ہوں اور دیکھ رہا ہوں کہ جھیلیں دن بہ دن گندی ہی ہوتی جا رہی ہیں۔ لوگوں کے پاس گندگی جمع کرنے کے دوسرے ذرائع، جیسے کوڑے دان، بھی موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود گندگی جھیلوں میں ہی پھینکی جا رہی ہے، جس سے ہمارا کام مشکل سے مشکل تر ہو رہا ہے اور ندرو کی کاشت پر بھی برے اثرات پڑ رہے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا: ’’ہمیں اپریل سے ستمبر تک ندرو کے کھیت کا پانی صاف و شفاف رکھنا پڑتا ہے۔ یہ پانی اتنا صاف ہونا چاہیے جتنا پینے کا پانی ہوتا ہے، تب ہی ندرو کی معیاری اور اچھی پیداوار ممکن ہوتی ہے۔‘‘

فاروق احمد نے کہا کہ ندرو نکالنے کے دوران وہ مخصوص واٹر پروف وردی استعمال کرتے ہیں، جس سے کام قدرے آسان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’پہلے ہمارے بزرگ کپڑے اتار کر ندرو نکالتے تھے، جو بہت کٹھن کام تھا۔ آج ہمارے پاس واٹر پروف وردی ہے، جسے پہن کر ہم کام کرتے ہیں۔ اس سے نہ صرف کام قدرے آسان ہوا ہے بلکہ پیداوار بھی بڑھی ہے۔ پہلے ایک کسان دن میں زیادہ سے زیادہ ندرو کی بیس گھٹریاں نکال سکتا تھا، لیکن آج ہم ایک دن میں کم از کم پچاس گھٹریاں نکال سکتے ہیں۔‘‘

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اس سبزی کو ایکسپورٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ دنیا بھر میں پہنچ سکے اور اسے دوام مل سکے۔ محمد یوسف نامی ایک کاشتکار نے کہا: ’’اس سبزی کو ایکسپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے یہ کاشتکاری مضبوط ہو سکتی ہے، اسے فروغ مل سکتا ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے روزگار کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اس میں ہمیں سرکار کی مدد کی ضرورت ہے۔‘‘ تاہم بعض کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ندرو نہ صرف ملک کے مختلف حصوں میں بھیج رہے ہیں بلکہ دوبئی بھی ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ کاشتکاروں کا مطالبہ ہے کہ اس سبزی کو بڑے پیمانے پر ملک کے دیگر حصوں اور بیرون ملک بھیجنے کے لیے سرکاری سطح پر معاونت فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ مارچ 2023 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں ضلع انتظامیہ سری نگر کی اس پہل کا ذکر کیا تھا، جس کے تحت ڈل جھیل میں ندرو کاشت کرنے والوں کی فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشن (ایف پی او) قائم کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ تقریباً 250 کاشتکار اس ایف پی او سے جڑ چکے ہیں اور انہوں نے اپنی ندرو بیرون ملک ایکسپورٹ کرنا شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ایف پی او سے وابستہ کاشتکاروں کی اگائی ہوئی ندرو کی دو کھیپیں حال ہی میں متحدہ عرب امارات بھیجی گئی ہیں۔

وادی میں عید، نوروز، ہیرتھ اور نوراتری جیسے تہواروں پر لوگ ندرو کی خوب خریداری کرتے ہیں، تاہم عام دنوں میں بھی اسے پکوان کا حصہ بنانے کا رواج عام ہے۔

سری نگر میں ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ پر ندرو فروخت کرنے والے ایک دکاندار نے بتایا: ’’یہ صحیح ہے کہ تہواروں کے موقع پر اس کی خوب خریداری ہوتی ہے، لیکن عام دنوں میں بھی لوگ اچھی تعداد میں ندرو خرید کر اسے دسترخوانوں کی زینت بناتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا: ’’میں یہاں کئی برسوں سے ندرو فروخت کرتا ہوں۔ خدا کے کرم سے سردی ہو یا گرمی، میرا کام ہمیشہ اچھا رہتا ہے اور میں اچھی طرح اپنا روزگار کما رہا ہوں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس موجود ندرو کی ایک گھٹری کی قیمت دو سے ڈھائی سو روپے ہے اور اس کی اچھی بکری ہوتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande