انسٹاگرام پر سستے بیگ کا لالچ دے کر 1.04 لاکھ روپے کی ٹھگی، ماسٹر مائنڈ سمیت دو گرفتار
نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ دہلی پولیس نے انسٹاگرام پر سستے سامان کے اشتہارات دے کر لوگوں کو ٹھگنے والے ایک بین ریاستی سائبر گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جنوبی ضلع پولیس کے مطابق مالویہ نگر کی رہنے والی ایک
CRIME-FRAUD-ARREST-DELHI


نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ دہلی پولیس نے انسٹاگرام پر سستے سامان کے اشتہارات دے کر لوگوں کو ٹھگنے والے ایک بین ریاستی سائبر گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

جنوبی ضلع پولیس کے مطابق مالویہ نگر کی رہنے والی ایک خاتون نے انسٹاگرام پر ’@s.bucketlist.store‘ کے نام سے ایک شاپنگ پیج دیکھا تھا۔ اس پر ایک بیگ کی قیمت 999 روپے بتائی گئی تھی۔ خاتون نے بیگ کا آرڈر دینے کے بعد ادائیگی بھی کر دی۔ اس کے بعد ایک شخص نے خود کو ایمیزون کا ڈیلیوری ایجنٹ بتاتے ہوئے ان سے رابطہ کیا۔ اس نے آفر کی تصدیق، پروسیسنگ چارج اور ریفنڈایکٹیویٹ کرنےکے نام پر خاتون سے الگ الگ قسطوں میں 14 مرتبہ یو پی آئی کے ذریعے رقم منتقل کروائی۔ اس طرح خاتون سے مجموعی طور پر 1,03,973 روپے کی ٹھگی کی گئی۔ شکایت ملنے پر 12 جولائی کو سائبر ساو¿تھ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔

تفتیش کے دوران سائبر پولیس نے ملزم کے واٹس ایپ نمبر اور تکنیکی معلومات کا تجزیہ کیا۔ اس سے گروہ کے ارکان کی شناخت ہوئی اور اس کے نیٹ ورک کا سراغ جے پور تک جا پہنچا۔ پولیس ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے جے پور کے جموا رام گڑھ سے اجے مینا (20) کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے تین موبائل فون برآمد ہوئے۔

اس کے بعد تکنیکی نگرانی کے ذریعے گروہ کے ماسٹر مائنڈ اشوک کمار مینا (32) کا سراغ لگایا گیا۔ اسے 23 نومبر کو دہلی سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ تفتیش کے دوران ٹھگی کی رقم میں سے 1.04 لاکھ روپے برآمد کرکے متاثرہ خاتون کو واپس دلا دیے گئے۔

پولیس کی تفتیش میں ٹھگی کا ایک منفرد طریقہ سامنے آیا۔ ملزمان انسٹاگرام پر جعلی شاپنگ پیج بنا کر مہنگے سامان کو انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے کے اشتہارات دیتے تھے۔ گاہک کے رابطہ کرنے پر اسے واٹس ایپ پر بلا کر پیشگی ادائیگی کروائی جاتی تھی۔ اس کے بعد گروہ کا دوسرا رکن ایمیزون کا ڈیلیوری ایجنٹ بن کر فون کرتا اور مختلف فیسوں کے نام پر مزید رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔

ٹھگی کی رقم براہ راست اپنے بینک کھاتوں میں وصول کرنے کے بجائے ملزمان آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم کے کیو آر کوڈ اور گیمنگ آئی ڈی کے ذریعے رقم منتقل کرتے تھے۔ اس سے پیسوں کے لین دین کا سراغ لگانا مشکل ہو جاتا تھا۔ پولیس کو ملزمان کے پاس سے سات جعلی انسٹاگرام شاپنگ پیجز کا ڈیٹا، ایمیزون کے جعلی شناختی کارڈ اور جعلی آدھار و پین کارڈ بھی ملے ہیں۔ یہ دستاویزات نتن کمار سنگھ کے نام پر تیار کیے گئے تھے۔

پولیس کو ملزمان کے موبائل فون سے 57 ممکنہ متاثرین کے موبائل نمبروں کی فہرست اور مزید نو متاثرین سے متعلق چیٹ بھی ملی ہیں۔ پولیس اب ملک کے مختلف حصوں میں ان کے ممکنہ شکار ہونے والے لوگوں کی شناخت کر رہی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے آئی فون 17 پرو، آئی فون 16، اوپو اور ریڈمی کے موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ان میں سے آئی فون 17 پرو ٹھگی کی رقم سے خریدے جانے کا الزام ہے۔ پولیس گروہ کے دیگر ارکان اور ٹھگی کی باقی رقم کے لین دین کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande