
نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ دہلی میں اے ٹی ایم سے 19.10 لاکھ روپے لوٹنے اور آرمس ایکٹ کے معاملے میں مفرور قرار دیے گئے ملزم کو کرائم برانچ نے ہریانہ کے نوح-میوات سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت فیروزپور جھرکہ کے باجت پور کے رہنے والے راہل خان (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے دہلی کے دو مقدمات میں عدالت نے مفرور قرار دیا تھا۔ راہل کا نام دہلی کے علاوہ شیلانگ اور گوہاٹی میں اے ٹی ایم لوٹ کی تین دیگر وارداتوں میں بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس کو اے ٹی ایم لوٹ کی مجموعی پانچ وارداتوں میں اس کی تلاش تھی۔
کرائم برانچ کو اطلاع ملی تھی کہ راہل ایک بین ریاستی مجرمانہ نیٹ ورک سے وابستہ ہے۔ تاہم، ابتدائی اطلاع کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔ اس کے بعد پولیس ٹیم تین ماہ سے زیادہ عرصے تک اس کی سرگرمیوں اور ٹھکانے کے بارے میں معلومات جمع کرتی رہی۔ تکنیکی نگرانی اور مخبر کی مدد سے پتہ چلا کہ وہ نوح-میوات میں رہ رہا ہے۔ پولیس نے اس کے گھر کے آس پاس نگرانی بڑھا دی اور 26 نومبر کو اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ مارچ 2026 میں میگھالیہ پولیس کی ایک ٹیم بھی راہل کو گرفتار کرنے کے لیے نوح پہنچی تھی۔ اس دوران اس کے حامیوں نے مبینہ طور پر بھیڑ جمع کرکے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا اور ملزم کو چھڑانے کی کوشش کی۔ حالات خراب ہونے پر پولیس کو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے کئی راو¿نڈ فائرنگ کرنی پڑی تھی۔ اس دوران ایک حملہ آور کو گولی لگی تھی۔
راہل کو ڈابڑی تھانے میں درج 19.10 لاکھ روپے کی اے ٹی ایم لوٹ کے معاملے میں 11 ستمبر 2025 کو اور دوارکا نارتھ تھانے کے آرمس ایکٹ کے مقدمے میں 5 اگست 2026 کو مفرور قرار دیا گیا تھا۔ اس کے خلاف اسپیشل سیل میں بھی آرمس ایکٹ کا مقدمہ درج ہے۔ پولیس اب شیلانگ اور گوہاٹی پولیس سے رابطہ کرکے وہاں درج مقدمات میں اس کے کردار کی تصدیق کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد