
بھٹنڈہ، 27 نومبر (ہ س)۔ پنجاب پولیس کی خفیہ شاخ اور ملٹری انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر بھٹنڈہ فوجی چھاو¿نی سے متعلق حساس معلومات پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے کارندوں کے ساتھ شیئر کرنے کا الزام ہے۔ اس کا ایک مشتبہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس افسر کے مطابق فیروزپور ضلع کے گاو¿ں جکھراواں کے رہنے والے 26 سالہ ستنام سنگھ عرف ستو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ پاکستان میں موجود رانا نامی ایک خفیہ ایجنٹ کے رابطے میں تھا اور اس کی ہدایت پر فوجی تنصیبات سے متعلق خفیہ معلومات شیئر کر رہا تھا۔ الزام ہے کہ اس کام کے بدلے اسے 10 ہزار روپے بھی ملے تھے۔ فوجی چھاونی میں کسی ناخوشگوار واقعے کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کیے جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بھٹنڈہ کے سول لائنز تھانے میں ستنام سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق, ملزم کے خلاف فیروزپور ضلع میں پہلے سے تین مقدمات درج ہیں۔ سال 2022 میں صدر فیروزپور تھانے میں درج ایک معاملے میں وہ ضمانت پر باہر تھا۔ اس کے علاوہ فروری میں ڈرون اور کارتوس کی برآمدگی اور ستمبر میں 6.25 کلوگرام ہیروئن کی برآمدگی سے متعلق مقدمات میں بھی پولیس کو اس کی تلاش تھی۔
اسی سال جون میں بھی بھٹنڈہ کے انتہائی محفوظ فوجی علاقے کی مبینہ جاسوسی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس وقت امرتسر ضلع کے دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ فی الحال سکیورٹی ایجنسیاں گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ کرکے اس کے رابطوں اور جاسوسی کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد