پونے میں سوا کروڑ روپے مالیت کا 250 کلو گانجہ ضبط، 2 ملزمین گرفتار
گاڑی اور موبائل فون سمیت 1 کروڑ 51 لاکھ روپے کا سامان ضبط، تلنگانہ میں بھی منشیات کے بین ریاستی نیٹ ورک کا پردہ فاش پونے، 26 نومبر (ہ س)۔ پونے شہر پولیس کی کرائم برانچ کے انسداد منشیات دستہ دوم نے ضلع پونے کے شیرور تعلقہ میں منشیات کی مبینہ اسمگلن
Pune Police Seize Ganja Worth Over One Crore


گاڑی اور موبائل فون سمیت 1 کروڑ 51 لاکھ روپے کا سامان ضبط، تلنگانہ میں بھی منشیات کے بین ریاستی نیٹ ورک کا پردہ فاش

پونے، 26 نومبر (ہ س)۔ پونے شہر پولیس کی کرائم برانچ کے انسداد منشیات دستہ دوم نے ضلع پونے کے شیرور تعلقہ میں منشیات کی مبینہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 250 کلو گانجہ ضبط کرکے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ کارروائی شیرور میں دت مندر کے قریب اسٹیٹ بینک کالونی میں ستیہ بھاما نواس عمارت کے سامنے ایک کھلی جگہ پر کی گئی۔ ضبط شدہ گانجے کی مالیت 1.25 کروڑ روپے ہے۔ پولیس نے 25 لاکھ روپے مالیت کی مہندرا ایکس یو وی 700 گاڑی اور 1.20 لاکھ روپے مالیت کے 2 موبائل فون بھی ضبط کیے۔ مجموعی مالیت تقریباً 1.51 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

گرفتار ملزمین کی شناخت پیور بلاک آپریٹر سمیر پرشوتم راؤت (24) اور فرنیچر کا کام کرنے والے اجے جگدیش موہیتے (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ضلع امراوتی کے چاندور ریلوے تعلقہ کے رہائشی ہیں۔ کارروائی پولیس انسپکٹر جیون مانےکی قیادت میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹروں افروز پٹھان ، نتن کمار نائک اور انسداد منشیات دستے کے دیگر اہلکاروں نے انجام دی۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

دریں اثنا ایک علیحدہ کارروائی میں تلنگانہ کی ایگل فورس نے اچم پیٹ ٹاؤن پولیس کے تعاون سے گانجے کی بین ریاستی اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرکے محمد رسول بابا (26) اور میجل منڈل کو گرفتار کیا۔ دونوں مہندر نگر کالونی کے رہائشی ہیں۔ ان کے قبضے سے 3.72 لاکھ روپے مالیت کا 7.44 کلو خشک گانجہ، موٹر سائیکل، 3 موبائل فون، 21 ہزار روپے نقد، الیکٹرانک ترازو اور پیکنگ مشین ضبط کی گئی۔ نوجوانوں میں گانجے کے بڑھتے استعمال کی اطلاعات پر محبوب نگر کے ریجنل نارکوٹکس کنٹرول سیل کے ڈی ایس پی این بچیا کی ٹیم کئی ماہ سے نگرانی کررہی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمین مبینہ طور پر اڈیشہ کے ضلع ملکانگیری کے گاؤں کالی میلا کے رہائشی ہری سے گانجہ حاصل کرتے تھے۔ محمد رسول بابا سابقہ منشیات معاملے میں چھتیس گڑھ کی دنتے واڑہ جیل میں تقریباً 5 ماہ 20 دن گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande