
نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ طبی سائنس میں نئی پیش رفت کرتے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) راؤرکیلا کے محققین نے ایک ایسی تکنیک تیار کی ہے، جس کے ذریعے دوا ساز کمپنیوں کے لیے غیر مفید ہوچکے پروٹین کو زخم بھرنے والے ہائیڈروجیل میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس تکنیک کا مستقبل میں زخم بھرنے، متاثرہ بافتوں کی دوبارہ تعمیر اور ادویات کو کنٹرول شدہ رفتار سے جسم کے متاثرہ حصے تک پہنچانے میں استعمال ہوسکتا ہے۔
این آئی ٹی راؤرکیلا کے پروفیسر ہرے کرشن ساہو، پروفیسر مونالیسہ مشرا اور پروفیسر دیویندر ورما کی قیادت میں تحقیقی ٹیم نے بون مورفوجینیٹک پروٹین-2 (بی ایم پی-2) اور ہائیلورونک ایسڈ کو ملاکر یہ خصوصی ہائیڈروجیل تیار کیا ہے۔
پروفیسر ساہو کے مطابق، دوا سازی کے دوران کئی مرتبہ پروٹین درجہ حرارت یا کیمیائی اثرات کے باعث اپنی اصل سہ جہتی ساخت کھو دیتے ہیں اور ان کے سالمات آپس میں جڑ کر ایگریگیٹ بنا لیتے ہیں۔ ایسے پروٹین کو عموماً غیر مفید سمجھ کر الگ کردیا جاتا ہے۔ محققین نے بی ایم پی-2 پروٹین کو تقریباً 85 ڈگری سیلسیس پر دس منٹ تک گرم کیا، جس کے بعد ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ اور ہائیلورونک ایسڈ کی مدد سے اسے ہائیڈروجیل میں تبدیل کردیا۔
تجربات میں اس مواد نے پانی برقرار رکھنے، اینٹی آکسیڈنٹ سرگرمی اور دوا کو آہستہ آہستہ خارج کرنے کی صلاحیت ظاہر کی۔ اس کے مساموں کا اوسط سائز تقریباً 15 مائیکرو میٹر پایا گیا، جو خلیات کی نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کرسکتا ہے۔
ہائیڈروجیل کی دوا پہنچانے کی صلاحیت جانچنے کے لیے اس میں ایمپی سلین نامی اینٹی بایوٹک شامل کی گئی۔ تجربات میں دوا کے مسلسل اخراج کی خصوصیت سامنے آئی۔ اس کے علاوہ، فائبر وبلاسٹ خلیات کی نشوونما کو بھی فروغ ملا۔ یہ خلیات زخم بھرنے اور متاثرہ بافتوں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروفیسر مونالیسہ مشرا کی قیادت میں پھل کی مکھی پر کیے گئے تجربات میں اس ہائیڈروجیل کے استعمال سے صرف بی ایم پی-2 کے مقابلے میں زخم بند ہونے کے عمل میں تقریباً 40 سے 45 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ تاہم، ان نتائج کو انسانوں میں علاج کی کامیابی نہیں سمجھا جاسکتا۔
پروفیسر دیویندر ورما کے مطابق، اب اس ہائیڈروجیل کی حفاظت اور افادیت جانچنے کے لیے بڑے جانوروں پر تجربات کیے جائیں گے، جن میں تقریباً 10 سے 12 ماہ لگ سکتے ہیں۔ ان کے نتائج سازگار ہونے کے بعد ہی کلینیکل ٹرائل کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ تحقیق رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے بین الاقوامی جریدے ’جرنل آف میٹریلز کیمسٹری بی‘ میں شائع ہوئی ہے۔ اس تکنیک کے لیے ہندوستانی پیٹنٹ بھی حاصل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد