چھتیس گڑھ میں کسانوں کی آمدنی کا نیا ذریعہ ثابت ہو رہی ہے پھولوں کی کی کھیتی
۔ فی ایکڑ 5 لاکھ روپے تک آمدنی، گیندے کی کاشت کا رقبہ سب سے زیادہ
فی ایکڑ 5 لاکھ روپے تک آمدنی، گیندے کی کاشت کا رقبہ سب سے زیادہ


پھول


رائے پور، 26 نومبر (ہ س)۔ دھان کے کٹورے کے نام سے مشہور چھتیس گڑھ میں روایتی کھیتی کے ساتھ پھولوں کی کھیتی (فلوریکلچر) بھی کسانوں کی آمدنی کا اہم ذریعہ بنتی جا رہی ہے۔ ریاست کی سازگار آب و ہوا اور زرخیز زمین گلاب، جربرا، رجنِی گندھا اور دیگر پھولوں کی کاشت کے لیے موزوں ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق، جدید اور سائنسی طریقوں سے پھولوں کی کاشت کرکے کسان فی ایکڑ 3 سے 5 لاکھ روپے تک آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔

ستمبر 2026 کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق، سال 25-2024 میں ریاست میں پھولوں کی کاشت کا مجموعی رقبہ 13,053 ہیکٹر اور پیداوار 1,91,008 میٹرک ٹن رہی۔ سال 2025 میں کھلے پھولوں کی پیداوار 42,125 ٹن ریکارڈ کی گئی۔

مرکزی وزارتِ زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں گیندے کی کاشت سب سے زیادہ 4,575 ہیکٹر رقبے میں ہو رہی ہے۔ اس کے بعد گلائیڈیولس 1,386 ہیکٹر، رجنِی گندھا 1,224 ہیکٹر، گلاب 718 ہیکٹر اور چنبیلی 25 ہیکٹر میں کاشت کی جا رہی ہے۔

راجناندگاؤں، کوربا، جگدل پور اور سرگوجا کے کسان پولی ہاؤس میں ڈچ گلاب کی جدید طریقے سے کاشت کر رہے ہیں۔ ان پھولوں کی سپلائی رائے پور، درگ اور بھلائی کے علاوہ ناگپور اور پونے جیسے بڑے شہروں تک بھی ہو رہی ہے۔ جربرا، گیلارڈیا اور آرکڈ کی کاشت بھی کسانوں کے لیے منافع بخش ثابت ہو رہی ہے۔

پھولوں کی پیداوار میں مہاسمند پہلے، جبکہ منگیلی اور سورج پور بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔ ماہرین کے مطابق، ریاست میں تقریباً 5 سے 6 لاکھ افراد پھولوں کی کاشت اور اس سے وابستہ کاروبار کے ذریعے براہِ راست یا بالواسطہ روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ اس شعبے میں دیہی خواتین کی شمولیت بھی بڑھ رہی ہے۔

راجناندگاؤں کی کسان لتا بدھن اور ان کے بیٹے تشار بدھن نے باغبانی مشن کے تحت 16.88 لاکھ روپے کی سبسڈی حاصل کرکے پولی ہاؤس میں ڈچ گلاب کے 30 ہزار سے زائد پودے لگائے ہیں۔ ان کے تیار کردہ پھول بڑے شہروں میں سپلائی کیے جا رہے ہیں۔

حکومت قومی باغبانی مشن اور پردھان منتری کرشی سنچائی یوجنا کے تحت پولی ہاؤس، شیڈ نیٹ، ڈرپ آبپاشی اور پیک ہاؤس کی تعمیر پر مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ پولی ہاؤس اور شیڈ نیٹ کی تعمیر پر 50 فیصد تک سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔

تاہم، کولڈ اسٹوریج اور بہتر نقل و حمل کی سہولیات کی کمی اس شعبے کا بڑا مسئلہ ہے۔ چونکہ پھول جلد خراب ہو جاتے ہیں، اس لیے مناسب ذخیرہ اندوزی اور بازار تک فوری رسائی ضروری ہے۔

وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے کہا کہ ریاستی حکومت مرکز کے تعاون سے پھولوں، پھلوں اور ادویاتی پودوں کی کاشت کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر سائنسی طریقے سے کاشتکاری کریں اور اپنی آمدنی میں اضافہ کریں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande