شیئر بازار میں سرمایہ کاری کے نام پر 11 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی
نوئیڈا، 25 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے نوئیڈا میں شیئر بازار میں سرمایہ کاری کرکے بھاری منافع کمانے کا لالچ دے کر نامعلوم سائبر مجرموں نے ایک شخص سے 11 لاکھ روپے ٹھگ لیے۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سائبر کرائم پولیس
فراڈ


نوئیڈا، 25 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے نوئیڈا میں شیئر بازار میں سرمایہ کاری کرکے بھاری منافع کمانے کا لالچ دے کر نامعلوم سائبر مجرموں نے ایک شخص سے 11 لاکھ روپے ٹھگ لیے۔ اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سائبر کرائم پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سائبر کرائم) شیویا گوئل نے بتایا کہ وجے کمار سریواستو نے گزشتہ رات تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وجے نے شیئر بازار میں ٹریڈنگ کے لیے اکاونٹ کھولنے کی غرض سے آن لائن درخواست دی تھی۔ ٹریڈنگ اکاونٹ فعال کرنے کے بہانے کچھ لوگوں نے ان سے رابطہ کیا اور شیئر بازار میں سرمایہ کاری کرنے پر بھاری منافع کا لالچ دیا۔

ملزمان نے انہیں ایک لنک بھیجا اور بتایا کہ اس پلیٹ فارم پر شیئر خریدنے اور فروخت کرنے کی تمام سہولتیں موجود ہیں۔ متاثرہ شخص نے لنک کے پلیٹ فارم کو جانچنے کے لیے تھوڑی رقم منتقل کرنے کی بات کہی اور 10 روپے بھیج دیے۔

اس کے بعد ملزمان کی باتوں میں آکر انہوں نے شیئر بازار میں سرمایہ کاری کے نام پر مختلف اوقات میں الگ الگ بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر 11 لاکھ روپے منتقل کر دیے۔

پولیس کے مطابق، ملزمان شام کے وقت کم قیمت پر شیئر فروخت کرنے کا اعلان کرتے تھے، جبکہ صبح ان شیئرز کی قیمت بڑھی ہوئی بتائی جاتی تھی۔ ایپ پر بھی ان کی رقم کافی زیادہ دکھائی دیتی تھی۔ لیکن جب متاثرہ شخص نے اپنی رقم نکالنے کی کوشش کی تو دھوکہ بازوں نے ان سے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande