
پٹنہ، 25 نومبر (ہ س)۔ بہار کی راجدھانی پٹنہ کے داناپور تھانہ علاقے میں بدھ کی صبح بے خوف بدمعاشوں نے دن دہاڑے ایک طالب علم کو گولی مار کر قتل کردیا۔ یہ واردات نیو تارا چک واقع جھپٹیا مندر کے قریب پیش آئی، جہاں موٹر سائیکل پر سوار نوجوان کو بدمعاشوں نے سر میں گولی مار دی۔ گولی لگتے ہی وہ خون میں لت پت ہوکر زمین پر گر پڑا۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ملزمین پیدل ہی فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے واردات سے ایک پستول اور تین گولیاں برآمد کی ہیں۔
مقتول کی شناخت جھپٹیا مندر کے رہنے والے پرمود رائے کے 20 سالہ بیٹے روشن کمار عرف کٹو کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ سر گنیش دت میموریل کالج کا طالب علم تھا۔ گولی لگنے کے بعد اہل خانہ اسے فوری طور پر علاج کے لیے شگونہ موڑ واقع ایک نجی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بعد میں اہل خانہ لاش کو سب ڈویژنل اسپتال لے گئے۔
مقتول کے چچا سُبودھ کمار نے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً 7:30 بجے روشن اپنے بھائی بٹو سے موٹر سائیکل کی چابی لے کر گھر سے نکلا تھا۔ گھر سے کچھ ہی دور پہنچنے پر بدمعاشوں نے اسے نشانہ بناتے ہوئے سر میں گولی مار دی۔ گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہوکر سڑک پر گر پڑا۔
چچا کے مطابق ایک نوجوان نے انہیں اطلاع دی کہ روشن کو گولی مار دی گئی ہے اور حملہ آور پیدل فرار ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ جائے واردات پر پہنچے، جہاں روشن خون میں لت پت پڑا تھا۔ اسے جلدی سے اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس کی جان نہیں بچائی جاسکی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی چھان بین شروع کردی۔ پولیس نے جائے واردات سے ایک پستول برآمد کیا ہے، جس میں پھنسی ہوئی تین گولیاں بھی نکالی گئی ہیں۔ پولیس اہل خانہ کے بیانات درج کررہی ہے۔ فی الحال قتل کی وجوہات واضح نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کے اسباب کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔ اہل خانہ کے بیان کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan