آرا میں شادی تقریب کے دوران اندھا دھند فائرنگ میں دو نوجوان ہلاک ، ایک شدید زخمی
آرا، 25 نومبر (ہ س)۔ بہار کے آرا شہر سے متصل مفصل تھانہ علاقے کے بی بی گنج چکیا گاؤں میں منگل کی رات شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہوگئی، جب مسلح بدمعاشوں نے تین دوستوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ اس واردات میں دو نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبک
آرا میں شادی تقریب کے دوران اندھا دھند فائرنگ، دو نوجوانوں کا قتل، ایک شدید زخمی


آرا، 25 نومبر (ہ س)۔ بہار کے آرا شہر سے متصل مفصل تھانہ علاقے کے بی بی گنج چکیا گاؤں میں منگل کی رات شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہوگئی، جب مسلح بدمعاشوں نے تین دوستوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ اس واردات میں دو نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد شادی تقریب میں افراتفری مچ گئی اور اپنی جان بچانے کے لیے مہمان ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق گولی لگنے سے زخمی تینوں نوجوانوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال لے جایا جارہا تھا، لیکن راستے میں ہی راہل کمار اور دیپک کمار کی موت ہوگئی ۔ زخمی سونو کمار کا صدر اسپتال میں علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راہل کو دو گولیاں، جبکہ دیپک کو چار گولیاں لگی تھیں۔

مہلوکین کی شناخت مفصل تھانہ علاقے کے شُبھ کرن گنج گاؤں کے رہنے والے سنوج یادو کے 20 سالہ بیٹے راہل کمار اور مہنت یادو کے 21 سالہ بیٹے دیپک کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں زخمی نوجوان کی شناخت دولت پور گاؤں کے رہنے والے سریندر یادو کے 18 سالہ بیٹے سونو کمار کے طور پر کی گئی ہے۔

مہلوکین کے دوست وکی کمار کے مطابق راہل کمار کی والدہ کی رشتہ دار لڑکی کی شادی میں شرکت کے لیے وہ راہل، دیپک، سونو اور دیگر دوستوں کے ساتھ بی بی گنج چکیا گاؤں پہنچے تھے۔ اسی دوران کچھ مسلح بدمعاش شادی تقریب میں داخل ہوئے اور تینوں دوستوں کو نشانہ بناکر گولیاں چلانا شروع کردیں۔ فائرنگ میں راہل اور دیپک کی موت ہوگئی، جبکہ سونو شدید طور پر زخمی ہوگیا۔

وکی کمار نے اس دوہرے قتل کے لیے غوث گنج کے رہنے والے ڈیمن یادو اور اس کے بھتیجے آشیش یادو پر الزام عائد کیا ہے۔ حالانکہ فائرنگ کے پیچھے کی اصل وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں پرانی رنجش کے سبب واردات کو انجام دیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر ایس ڈی پی او ون سشیل کمار، مفصل تھانہ انچارج سنجیو کمار اور نوادہ تھانہ انچارج کمار رجنی کانت پولیس فورس کے ساتھ صدر اسپتال پہنچے۔ پولیس افسران نے مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے اور فائرنگ کی اصل وجہ کے ساتھ ساتھ ملزمین کی گرفتاری کے لیے کارروائی میں مصروف ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande