
نئی دہلی، 24 نومبر ( ہ س)۔ دہلی کے سندر نگری علاقے میں ویڈیو گیم کھیلنے کے دوران ہونے والا معمولی جھگڑا پرتشدد واقعے میں تبدیل ہو گیا۔ پرانی رنجش کا بدلہ لینے کے لیے دو نوجوانوں نے چکن کی ایک دکان پر فائرنگ کر دی۔ ملزمان نے ایک نوجوان کو نشانہ بناکر گولی چلائی، تاہم وہ بال بال بچ گیا۔ گولی دکان کے اندر رکھے پانی کے پلاسٹک ڈرم میں جا لگی۔ شمال مشرقی ضلع کی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت دانش عرف جنید (32) اور محمد فیضان عرف سوچا (22) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی نیم خودکار پستول، ایک زندہ کارتوس اور واردات کے وقت پہنے گئے کپڑے برآمد کیے ہیں۔
پولیس کو 22 نومبر کی رات تقریباً 10 بج کر 26 منٹ پر سندر نگری کے او-بلاک میں کبوتر چوک کے قریب واقع ’الحرین چکن پوائنٹ‘ پر فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ موقع پر پہنچنے والی پولیس کو دکان کے اندر رکھے نیلے رنگ کے پلاسٹک ڈرم میں گولی کا ایک حصہ اور ایک خالی کارتوس ملا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ شکایت کنندہ محمد محسن (26) کباڑ کا کاروبار کرتا ہے۔ وہ اپنے سالے ساحل کے ساتھ چائے پینے کے بعد گھر واپس جا رہا تھا۔ اسی دوران رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر اس نے دیکھا کہ دو نوجوان پستول لے کر اس کی طرف آ رہے ہیں۔ دونوں نے اس پر اسلحہ تان لیا۔
جان بچانے کے لیے محسن قریب ہی واقع الحرین چکن پوائنٹ کی دکان میں گھس گیا۔ اسی دوران ایک ملزم نے اس پر گولی چلا دی۔ تاہم نشانہ خطا ہونے کے باعث گولی پانی کے ڈرم میں جا لگی اور محسن کی جان بچ گئی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں فائرنگ کے پیچھے پرانی دشمنی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 نومبر کو محسن کے چھوٹے بھائی حسین اور دانش کے بھتیجے انس کے درمیان ویڈیو گیم کھیلنے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔ اسی تنازعہ کے بعد دانش محسن کے خاندان سے ناراض تھا۔ الزام ہے کہ اسی رنجش کے تحت اس نے اپنے ساتھی فیضان کے ساتھ مل کر اگلے روز محسن کو خوف زدہ کرنے اور بدلہ لینے کی نیت سے فائرنگ کی۔
پولیس نے 23 نومبر کو نند نگری تھانے میں قتل کی کوشش، لاپروائی سے چوٹ پہنچانے، املاک کو نقصان پہنچانے اور آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ تکنیکی تحقیقات اور مقامی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پوچھ گچھ کے بعد ان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والی پستول، ایک زندہ کارتوس اور واردات کے وقت پہنے گئے کپڑے برآمد کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق دانش کے خلاف قتل کی کوشش، لوٹ مار، چوری اور آرمس ایکٹ سمیت تین مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ جبکہ فیضان بھی مارپیٹ اور آرمس ایکٹ سے متعلق ایک مقدمے میں ملوث رہا ہے۔ پولیس فی الحال معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد