
نوئیڈا، 24 نومبر (ہ س): اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے ذریعے بھاری منافع کمانے کا جھانسہ دے کر سائبر مجرموں نے ایک شخص سے 24 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کرلی۔ متاثرہ شخص نے پیر کی صبح سائبر کرائم تھانے میں اس معاملے کی شکایت درج کرائی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سائبر کرائم) شیویہ گوئل نے بتایا کہ سیکٹر 21 کے رہائشی کنال گپتا نے پیر کی صبح سائبر کرائم تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ ان کے مطابق، چند روز قبل سوشل میڈیا کے ذریعے کچھ افراد نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔
ملزمان نے انہیں بتایا کہ ایک مخصوص ویب سائٹ کے ذریعے کرپٹو کرنسی میں رقم لگانے سے انہیں بھاری منافع حاصل ہوسکتا ہے۔ ان کی باتوں میں آکر متاثرہ شخص نے مرحلہ وار مختلف کھاتوں میں مجموعی طور پر 24 لاکھ روپے منتقل کردیے۔
متاثرہ شخص کے مطابق، جب انہوں نے 12 نومبر کو اپنی رقم نکالنے کی کوشش کی تو ملزمان نے مزید رقم کا مطالبہ کردیا۔ اس کے بعد انہوں نے متاثرہ شخص کو بلاک کردیا اور رابطہ منقطع کرلیا۔ڈی سی پی نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس ان بینک کھاتوں کی تفصیلات حاصل کررہی ہے، جن میں دھوکہ دہی کی رقم منتقل کی گئی تھی۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ