پردھان منتری جن من کی پہل کے تحت قبائلی سماج کا معیارِ زندگی بہتر بنایا جا رہا ہے
بھوپال، 23 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں قبائلی ثقافت اور روایات کا احترام صرف ثقافتی تقریبات کے انعقاد اور عظیم شخصیات کو یاد کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ وزیر اعظم جن من (پی ایم۔جن من) کی اہم پہل کے تحت قبائلی سماج کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے
جن من مدھیہ پردیش


بھوپال، 23 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں قبائلی ثقافت اور روایات کا احترام صرف ثقافتی تقریبات کے انعقاد اور عظیم شخصیات کو یاد کرنے تک محدود نہیں ہے، بلکہ وزیر اعظم جن من (پی ایم۔جن من) کی اہم پہل کے تحت قبائلی سماج کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت رہائش، سڑک، پینے کے پانی، بجلی، صحت اور آنگن واڑی جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کام ہو رہا ہے۔ اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں کی منظوری دی گئی ہے اور تقریباً پانچ ہزار گاوں میں سے نصف کو مقررہ معیار کے مطابق بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جا چکا ہے۔

یہ ترقی ان قبائلی برادریوں کے حقوق اور مستقبل سے بھی جڑی ہوئی ہے، جن کی بڑی آبادی آج بھی دور دراز جنگلاتی علاقوں اور دیہی خطوں میں رہتی ہے۔ بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے موقع پر منعقد ہونے والا قبائلی فخر ہفتہ (جن جاتیہ گوروسپتاہ) نہ صرف اس ورثے کو یاد کرنے کا موقع ہے بلکہ قبائلی سماج کی موجودہ صورتِ حال اور اس کی ترقیاتی ضروریات پر غور و فکر کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔

ریاست میں اس سال 14 سے 20 نومبر تک مختلف مقامات پر قبائلی فخر ہفتہ کے تحت تقریبات منعقد کی گئیں۔ جبل پور، دھار، علی راج پور، کھنڈوا اور شہڈول سمیت قبائلی آبادی والے علاقوں میں ہونے والی ان تقریبات کے ذریعے قبائلی ثقافت، روایات اور قبائلی رہنماوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔

2011 کی مردم شماری کے مطابق مدھیہ پردیش میں درج فہرست قبائل کی آبادی ایک کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار 784 تھی، جو اس وقت ریاست کی مجموعی آبادی کا تقریباً 21.1 فیصد تھی۔ ان میں 77 لاکھ 19 ہزار 404 مرد اور 75 لاکھ 97 ہزار 380 خواتین شامل تھیں۔ نئی مردم شماری کے اعداد و شمار دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے موجودہ آبادی کی سرکاری تعداد سامنے نہیں آئی ہے۔

ریاست میں بھیل، گونڈ، بیگا، بھاریہ اور سہریا سمیت کئی قبائلی برادریاں آباد ہیں۔ بیگا، بھاریہ اور سہریا کو خاص طور پر کمزور قبائلی گروپ (پی وی ٹی جی) میں شامل کیا گیا ہے۔ ان برادریوں کے کئی خاندان ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں سڑک، صحت، پینے کے پانی اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں تک رسائی آج بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے ان کے لیے بنائی گئی اسکیموں کی کامیابی کا اندازہ صرف منظور شدہ بجٹ سے نہیں بلکہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ سہولتیں حقیقت میں گاوں اور خاندانوں تک کتنی پہنچی ہیں۔

پی ایم جن من کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی توسیع

خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروپوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے پردھان منتری جن جاتیہ آدیواسی نیائے مہا ابھیان (پی ایم جن من) ایک اہم پہل ہے۔ اس کے تحت مدھیہ پردیش میں رہائش، سڑک، پینے کے پانی، بجلی، صحت اور آنگن واڑی جیسی سہولتوں کی فراہمی پر کام کیا جا رہا ہے۔

30 جون 2026 تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں اس مہم کے تحت ایک لاکھ 89 ہزار 574 مکانات منظور کیے گئے تھے، جن میں سے ایک لاکھ 45 ہزار 251 مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی تھی۔ اسی طرح 2,221.76 کلومیٹر سڑکوں کی منظوری دی گئی، جن میں سے 755 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی تھی۔

پینے کے پانی کی سہولت کے لیے شامل کیے گئے 4,829 گاوں میں سے 2,409 گاوں کو مقررہ معیار کے مطابق بنیادی سہولتوں سے آراستہ کیا جا چکا ہے۔ صحت کی سہولتوں کے لیے 66 موبائل میڈیکل یونٹ کام کر رہے ہیں، جبکہ 704 آنگن واڑی مراکز بھی فعال ہیں۔

بجلی کی سہولت کے لیے نشان زد کیے گئے 30,216 گھروں میں سے 26,164 گھروں میں بجلی پہنچانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار جہاں بنیادی سہولتوں کی توسیع کو ظاہر کرتے ہیں، وہیں باقی ماندہ کام کی دشواریوں کی بھی نشاندہی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مہم خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروپوں (پی وی ٹی جی) کے لیے ہے، نہ کہ پورے قبائلی سماج کے لیے۔

تعلیم اور ہاسٹلوں کے ذریعے مستقبل سنوارنے کی کوشش

ریاست کے قبائلی امور کے محکمے کے تحت 25 ہزار 439 اسکول چلائے جا رہے ہیں، جہاں تقریباً 20 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان میں سے 94 ساندیپنی اسکولوں کو بہتر سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

تعلیمی سال 2025تا2026 میں تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار طلبہ کو 458 کروڑ روپے سے زیادہ کی پوسٹ میٹرک اسکالرشپ دی گئی۔ تعلیمی اداروں کے لیے 4,485 اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔ وہیں تعلیمی سال 2026تا2027 میں اسکالرشپ اسکیموں کے لیے 986 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

دور دراز علاقوں کے طلبہ کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے ریاست میں 2,671 ہاسٹل اور آشرم اسکول چلائے جا رہے ہیں۔ ان میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ طلبہ کے رہنے کا انتظام ہے، جن میں 56 ہزار 877 طالبات شامل ہیں۔ ان ہاسٹلوں کے انتظام و انصرام کے لیے 2026تا2027 میں 1,024 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ہاسٹلوں میں طلبہ کو ہر ماہ 1,720 روپے اور طالبات کو 1,770 روپے بطور گزارہ الاونس دیے جا رہے ہیں۔

ریاست کے وزیر برائے قبائلی امور ڈاکٹر کنور وجے شاہ کا کہنا ہے کہ طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولتیں، معیاری تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم کے میدان میں آگے لانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

اسکولوں میں ضروری وسائل کی فراہمی، جدید تعلیمی سہولتوں کی دستیابی اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق تعلیم حاصل کرکے مستقبل میں بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

جنگلاتی حقوق کے ذریعے روایتی حقوق کو تسلیم کرنے کی کوشش

قبائلی سماج کی زندگی جنگلات اور زمین سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ جنگلاتی حقوق کے قانون کے تحت انفرادی اور اجتماعی حقوق کو تسلیم کرنا قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کی ایک اہم بنیاد ہے۔

31 اگست 2026 تک ریاست میں جنگلاتی حقوق کے 2 لاکھ 89 ہزار 461 پٹے تقسیم کیے جا چکے تھے۔ ان میں 2 لاکھ 60 ہزار 707 انفرادی اور 28 ہزار 754 اجتماعی حقوق کے پٹے شامل ہیں۔ ان حقوق کے ذریعے نہ صرف خاندانوں بلکہ گرام سبھاو¿ں اور قبائلی برادریوں کے روایتی استعمال اور انتظامی اختیارات کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دھرتی آبا قبائلی گرام اتکرش ابھیان میں ریاست کے 51 اضلاع کے 267 ترقیاتی بلاکوں کے 11 ہزار 377 گاوں شامل کیے گئے ہیں۔ اس مہم کے ذریعے 18 لاکھ 58 ہزار سے زیادہ قبائلی خاندانوں تک بنیادی سہولتیں پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سال 2026تا2027 کے لیے اس مہم کے تحت 250 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

مقامی وسائل کے ذریعے روزگار بڑھانے کی ضرورت

قبائلی خاندانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مقامی وسائل پر مبنی روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔ مہوا، تیندو پتا، شہد، لاکھ اور دیگر معمولی جنگلاتی پیداوار کی بہتر قیمت، پروسیسنگ اور بازار تک براہِ راست رسائی سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پی ایم جن من کے تحت ریاست میں 83 ون دھن وکاس مراکز میں کاروباری سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں۔ ان مراکز کو مقامی مصنوعات کی جمع آوری اور ان کی قدر میں اضافے کے عمل سے جوڑ کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کا کہنا ہے کہ ثقافت سے بڑھ کر کوئی وراثت نہیں اور خودداری سے بڑھ کر کوئی فخر نہیں۔ برسا منڈا نے قبائلی سماج کو اپنی ثقافتی شناخت اور حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی ترغیب دی تھی۔ آج بھی اسی فکر کو ترقیاتی پالیسیوں کا مرکز بنایا جانا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبائلی سماج کی ترقی کا مطلب صرف سرکاری اسکیموں کے فوائد پہنچانا نہیں ہے، بلکہ تعلیم، صحت، روزگار، رہائش اور اپنے روایتی حقوق تک اس کی رسائی یقینی بنانا بھی ہے۔

قبائلی امور کے وزیر ڈاکٹر کنور وجے شاہ کا کہنا ہے کہ قبائلی سماج کی ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کا سماجی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ سرکاری اسکیموں کے فوائد آخری فرد تک پہنچیں اور ترقیاتی عمل میں قبائلی برادریوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جائے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande