
بھاگلپور، 22 نومبر(ہ س)۔ بہار کے بھاگلپور ضلع میں سلطان گنج ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) اور گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کی مشترکہ ٹیم نے منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون اور ایک مرد اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضے سے مجموعی طور پر 32 کلو 190 گرام گانجہ برآمد کیا گیا ہے، جس کی بین الاقوامی بازار میں تخمینی قیمت 16 لاکھ 9 ہزار 500 روپے بتائی گئی ہے۔ مالدہ ڈویژن کے پی آر او نے اتوار کے روز اس کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ جمال پور کی کرائم انٹیلی جنس برانچ (سی آئی بی) کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ سلطان گنج ریلوے اسٹیشن کے راستے گانجے کی بڑی کھیپ اسمگل کی جانے والی ہے۔ اس اطلاع کے بعد مشرقی ریلوے کی جنرل منیجر گیتیکا پانڈے کی زیرو ٹالرنس پالیسی سے متعلق ہدایات اور انسپکٹر جنرل و پرنسپل چیف سکیورٹی کمشنر امیہ نندن سنہا کی نگرانی میں فوری کارروائی کا منصوبہ تیار کیا گیا۔
مالدہ ڈویژن کے ڈی آر ایم منیش کمار گپتا کے انتظامی تعاون اور آر پی ایف جمال پور کے اسسٹنٹ سکیورٹی کمشنر اجے کمار کی قیادت میں سی آئی بی اور جی آر پی کی مشترکہ ٹیم نے اسٹیشن پر تلاشی مہم شروع کی۔ اسی دوران ٹیم نے پلیٹ فارم نمبر ایک سے پلیٹ فارم نمبر دو کی طرف ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے دو مردوں اور دو خواتین کو کئی ہینڈ بیگ اور پیٹھ پر لٹکانے والے بیگ کے ساتھ دیکھا۔ پولیس اہلکاروں کو شک ہونے پر جب انہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو چاروں پلیٹ فارم نمبر دو پر واقع فٹ اوور برج کے نیچے جمع بھیڑ کی طرف تیزی سے بھاگنے لگے۔ بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک مرد اور ایک خاتون فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکاروں نے گھیرا بندی کرکے ایک مرد اور ایک خاتون کو آٹھ بیگوں سمیت پکڑ لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمین نے اپنی شناخت 35 سالہ رنجیت کمار اور 40 سالہ رینو دیوی کے طور پر بتائی۔ فرار ہونے والوں کی شناخت رنجیت کی بیوی منیشا دیوی اور رینو دیوی کے بیٹے جج کمار کے طور پر کی گئی ہے۔گرفتار ملزمین نے اعتراف کیا کہ گانجے کی یہ کھیپ سڑک کے راستے مغربی بنگال کے کوچ بہار سے سلطان گنج لائی گئی تھی۔ ان کا منصوبہ اس کھیپ کو وکرم شیلا ایکسپریس کے ذریعے دہلی کے آنند وہار لے جانے کا تھا۔
این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک گزٹیڈ افسر کی موجودگی میں تمام آٹھ بیگوں کی تلاشی لی گئی۔ اس دوران رینو دیوی کے چار بیگوں میں پرانے کپڑوں کے درمیان چھپائے گئے پالی تھین کے چار پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں 17 کلو 200 گرام گانجہ موجود تھا۔
اسی طرح رنجیت کمار کے چار بیگوں سے بھی چار پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں 14 کلو 990 گرام گانجہ رکھا گیا تھا۔ اس طرح مجموعی طور پر 32 کلو 190 گرام گانجا ضبط کیا گیا۔پولیس نے ضبط شدہ منشیات کی باقاعدہ ضبطی فہرست تیار کرنے کے بعد دونوں گرفتار ملزمین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جی آر پی بھاگلپور کے حوالے کردیا ہے۔ وہیں فرار ہونے والے دونوں ملزمین کی تلاش بھی جاری ہے۔
اس کارروائی پر مشرقی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (سی پی آر او) شیبرام مانجھی نے آر پی ایف اور جی آر پی کے درمیان فوری اور مؤثر تال میل کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی ریلوے اپنے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر قسم کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف سخت نگرانی اور مؤثر کارروائی کے لیے پوری طرح پابند عہد ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan