بجلی خرچ کیے بغیر ملے گی ٹھنڈک، آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد نے تیار کی خصوصی کولنگ فلم
تیز دھوپ میں بھی سطح کا درجہ حرارت اردگرد کے ماحول سے 5.3 ڈگری سیلسیس تک کم رہے گا اے سی پر انحصار کم کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے یہ ٹیکنالوجی، ادارے کو ملا پیٹنٹ راہل کمار جھا دھنباد، 22 نومبر (ہ س)۔موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے دورمی
بجلی خرچ کیے بغیر ملے گی ٹھنڈک، آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد نے تیار کی خصوصی کولنگ فلم


تیز دھوپ میں بھی سطح کا درجہ حرارت اردگرد کے ماحول سے 5.3 ڈگری سیلسیس تک کم رہے گا

اے سی پر انحصار کم کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے یہ ٹیکنالوجی، ادارے کو ملا پیٹنٹ

راہل کمار جھا

دھنباد، 22 نومبر (ہ س)۔موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے دورمیں گرمیوں میں جس طرح کی شدت ہو رہی ہے اس نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔گرمی کے ایام میں جہاں پنکھوں سے کام چلتا تھا ب کولر اور اے سی کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ایسے موسم میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ایئر کنڈیشنر (اے سی) پر بڑھتے انحصار کے درمیان آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد کے محققین نے ایک ایسی خصوصی کولنگ فلم تیار کی ہے، جو بجلی خرچ کیے بغیر ٹھنڈک فراہم کرے گی۔ یہ فلم براہ راست دھوپ میں رہنے کے باوجود کسی بھی سطح کا درجہ حرارت اردگرد کے ماحول کے مقابلے میں تقریباً 5.3 ڈگری سیلسیس تک کم رکھ سکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مستقبل میں عمارتوں اور صنعتی ڈھانچوں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اے سی پر انحصار کم کرنے کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

ادارے کے محققین نے الٹرا ہائی مالیکیولر ویٹ پولی ایتھیلین (یو ایچ ایم ڈبلیو پی ای) نامی ہلکے اور مضبوط پلاسٹک مادے سے یہ خصوصی باریک فلم تیار کی ہے۔ اس میں سلیکان ڈائی آکسائیڈ اور ٹائٹینیم ڈائی آکسائیڈ کے انتہائی باریک ذرات شامل کیے گئے ہیں۔ یہ ذرات سورج کی روشنی کے بڑے حصے کو منعکس کردیتے ہیں اور سطح کی حرارت کو فضا میں خارج کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس عمل کے نتیجے میں کسی بیرونی توانائی کے بغیر قدرتی طور پر ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی 'پیسِو ڈے ٹائم ریڈی ایٹو کولنگ' کے اصول پر کام کرتی ہے۔ اس میں سطح سورج کی روشنی کو زیادہ سے زیادہ منعکس کرنے کے ساتھ اپنی حرارت کو شعاعوں کے ذریعے فضا میں خارج کرتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اسے کام کرنے کے لیے بجلی، کمپریسر یا کسی روایتی کولنگ سسٹم کی ضرورت نہیں ہوتی۔

محققین نے فلم تیار کرنے کا نسبتاً آسان طریقہ اور اس کی سطح کی ایک خاص ساخت وضع کی ہے، جس سے اس کی ٹھنڈک فراہم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی فلموں کو ایک دوسرے کے اوپر ہوا کے باریک خلا کے ساتھ لگایا جاسکتا ہے۔ اس سے حرارت کی منتقلی کم ہوتی ہے اور گرمی سے بچاو¿ کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

وزن میں ہلکی اور لچکدار ہونے کی وجہ سے اس فلم کو مختلف شعبوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ عمارتوں کی چھتوں اور دیواروں کے علاوہ صنعتی ڈھانچوں، گاڑیوں اور دھوپ کے براہ راست رابطے میں آنے والی دیگر سطحوں پر بھی اسے لگانے کے امکانات ہیں۔ خاص طور پر گرم آب و ہوا والے علاقوں میں یہ ٹیکنالوجی عمارتوں کے اندر درجہ حرارت قابو میں رکھنے اور ٹھنڈک کے لیے استعمال ہونے والی توانائی کی کھپت کم کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

سینئر ریسرچ فیلو گورو کمار نے بتایا کہ یہ فلم براہ راست دھوپ میں بھی بجلی خرچ کیے بغیر مو¿ثر ٹھنڈک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہیں، ایندھن، معدنیات اور دھات کاری انجینئرنگ شعبے کے پروفیسر کیشون روی نے اس کی آسان تیاری کے طریقے اور متعدد تہوں پر مشتمل ڈیزائن کو مستقبل میں عملی استعمال کے اعتبار سے امید افزا قرار دیا۔ مکینیکل انجینئرنگ شعبے کے پروفیسر سارتھک ایس سنگھ کے مطابق، یہ ٹیکنالوجی حرارت جمع ہونے کے عمل کو کم کرنے اور توانائی کی بچت کرنے والے کولنگ سسٹم تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

آئی آئی ٹی (آئی ایس ایم) دھنباد کی اس ٹیکنالوجی کو 17 نومبر 2026 کو پیٹنٹ نمبر 609802 دیا گیا ہے۔ پیٹنٹ کا عنوان 'الٹرا ہائی مالیکیولر ویٹ پولی ایتھیلین کی ایسی باریک فلم تیار کرنے کا طریقہ، جو اردگرد کے درجہ حرارت سے کم درجہ حرارت پر ٹھنڈک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو اور اس کی ٹھنڈک کی صلاحیت بڑھانے کا طریقہ' ہے۔

اس ٹیکنالوجی کے موجدوں میں سینئر ریسرچ فیلو (ایس آر ایف) گورو کمار، ایندھن، معدنیات اور دھات کاری انجینئرنگ شعبے کے پروفیسر کیسون روی اور مکینیکل انجینئرنگ شعبے کے پروفیسر سارتھک ایس سنگھ شامل ہیں۔

ادارے کی اس کامیابی کو توانائی کے تحفظ اور ماحول دوست کولنگ ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ تاہم، بڑے پیمانے پر تجارتی استعمال سے پہلے اس کی وسیع پیمانے پر تیاری اور عملی افادیت کے امکانات کا جائزہ لینا ہوگا۔ اگر یہ ٹیکنالوجی صنعتی سطح پر کامیاب ہوتی ہے تو مستقبل میں گرم علاقوں میں بجلی خرچ کیے بغیر ٹھنڈک فراہم کرنے اور اے سی پر انحصار کم کرنے کا ایک مو¿ثر متبادل بن سکتی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande