
- اے آئی کی عالمی دوڑ میں ہندوستان اختیار کرے گا الگ راستہ، بڑے ماڈل نہیں بلکہ اب کم خرچ اور کارآمد اے آئی پر زور
نئی دہلی، 20 نومبر(ہ س)۔ دنیا کے طاقتور ممالک مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے لیے بڑے ماڈل، مہنگے ڈیٹا سینٹرز اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ اس دوران ہندوستان نے اے آئی کی ترقی کے لیے ایک ایسی متبادل سمت پر غور شروع کیا ہے، جس میں ٹیکنالوجی بھی مقامی ہوگی اور اس کی افادیت اور کم خرچی کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔
دراصل، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی مدراس (آئی آئی ٹی مدراس) کے محققین نے ملک کے لیے اے آئی کا ایسا خاکہ پیش کیا ہے، جس کا مقصد کم کمپیوٹنگ صلاحیت، محدود بجلی، کم پانی اور مالی وسائل کی کمی کے باوجود زیادہ سے زیادہ سماجی اور اقتصادی فائدہ پہنچانا ہے۔ اس نقطۂ نظر کے تحت ہندوستان کو امریکہ اور چین کی طرح بھاری سرمایہ کاری سے تیار ہونے والے بڑے اے آئی ماڈل بنانے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بجائے اپنی ضروریات کے مطابق چھوٹے، مخصوص، کثیر لسانی اور وسائل کی بچت کرنے والے اے آئی نظام تیار کرنے چاہئیں۔
دوسری جانب، ہندوستانی سائنس دانوں کا مقصد غیر ملکی اے آئی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کو اپنی ٹیکنالوجی ڈیزائن کرنے، چلانے اور اس پر کنٹرول رکھنے کے قابل بنانا ہے۔ اب آئی آئی ٹی مدراس کے ودھوانی اسکول آف ڈیٹا سائنس اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (ڈبلیو ایس اے آئی) کے محققین کی اس تجویز کو ملک کی مستقبل کی اے آئی پالیسی، ڈیجیٹل خود انحصاری اور تکنیکی سرمایہ کاری کی ترجیحات کے لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی مقصد کے لیے سینٹر فار ریسپانسبل اے آئی (سی ای آر اے آئی) کی جانب سے تیار کردہ ’ہندوستان کے لیے ایک کم خرچ اے آئی کا خاکہ‘ عنوان سے جاری وائٹ پیپر میں اے آئی کی ترقی کے لیے ایک تیسرا راستہ پیش کیا گیا ہے۔ محققین کا مشورہ ہے کہ ہندوستان اپنی انجینئرنگ صلاحیت، کفایتی اختراع اور ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی بنیاد پر خود مختار ماڈل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وائٹ پیپر کا سب سے اہم پیغام یہ ہے کہ بڑے اے آئی ماڈل ہمیشہ بہتر نہیں ہوتے۔ کسی خاص کام کے لیے جتنی تکنیکی صلاحیت درکار ہو، اس سے کہیں زیادہ وسائل خرچ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
مثال کے طور پر سرکاری دستاویزات کی درجہ بندی، شہریوں کے مقامی زبان میں پوچھے گئے سوالات کے جواب، زراعت سے متعلق معلومات کی ترسیل یا مقررہ قواعد کی بنیاد پر درخواستوں کی ابتدائی جانچ جیسے کام چھوٹے اور مخصوص اے آئی ماڈل کے ذریعے کیے جا سکتے ہیں۔ ہر مسئلے کے حل کے لیے بڑے جنریٹیو اے آئی ماڈل کا استعمال اقتصادی اور تکنیکی اعتبار سے ضروری نہیں ہے۔
اس سلسلے میں آئی آئی ٹی مدراس کے سینٹر فار ریسپانسبل اے آئی کے ریسرچ ڈائریکٹر ڈاکٹر گوکل ایس کرشنن نے ’ہندوستھان سماچار‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو یہ تصور ترک کر دینا چاہیے کہ بڑے اے آئی ماڈل ہمیشہ بہتر ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی کام کے لیے سب سے پہلے یہ طے کیا جانا چاہیے کہ آیا اس میں واقعی اے آئی کی ضرورت ہے یا نہیں۔ اس کے بعد اس کام کو انجام دینے کے قابل سب سے چھوٹے اور موزوں ماڈل یا ٹیکنالوجی کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قواعد پر مبنی نظام، معلومات کی بازیافت کی ٹیکنالوجی یا روایتی مشین لرننگ کافی ہو، وہاں بلا ضرورت مہنگے جنریٹیو اے آئی ماڈل کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔
بجلی اور پانی کے استعمال سے لے کر مالی لاگت تک کا حساب
اے آئی کی عالمی مسابقت میں اب تک ماڈل کی صلاحیت، اس کی رفتار اور معیاری جانچ میں کارکردگی کو کامیابی کا اہم پیمانہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بڑے ماڈل کی تربیت اور انہیں چلانے کے لیے بھاری کمپیوٹنگ صلاحیت، جی پی یو، ڈیٹا سینٹرز، بجلی اور ٹھنڈا رکھنے کے نظام کی ضرورت پڑتی ہے۔ ٹھنڈا کرنے کے عمل میں پانی کا استعمال بھی ماحولیاتی تشویش کا موضوع ہے۔ ایسے میں ہندوستان جیسے ملک کے لیے اے آئی کی کامیابی کا جائزہ اس کی توانائی کی کھپت، عملی لاگت اور حقیقی سماجی افادیت کی بنیاد پر بھی لیا جانا چاہیے۔
آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائریکٹر پروفیسر وی کاماکوٹی نے کہا، ’’کارآمد ہونے کے لیے اے آئی کا ہر چیز جاننا ضروری نہیں ہے۔ اسے صرف ان چیزوں کا گہرا علم ہونا چاہیے، جو اسے سونپے گئے کام کے لیے ضروری ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آج اے آئی کے بیشتر نظام ایسے کاموں کے لیے بھی ضرورت سے زیادہ بجلی اور پانی خرچ کرتے ہیں، جنہیں چھوٹا اور منظم ماڈل آسانی سے انجام دے سکتا ہے۔ ہندوستان کو کارآمد، کم خرچ اور پائیدار اے آئی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق کفایتی انجینئرنگ ہندوستان کی طاقت رہی ہے اور اسی صلاحیت کی بنیاد پر ذمہ دارانہ اور پائیدار اے آئی تیار کیا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی اے آئی پر انحصار کم ہوگا، تکنیکی خود مختاری مضبوط ہوگی
محققین نے اے آئی کی خود مختاری کو بھی اس خاکے کی ایک اہم بنیاد بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی ملک کی تکنیکی خود انحصاری کا اندازہ اس بنیاد پر نہیں لگایا جانا چاہیے کہ اس کے پاس کتنے بڑے اے آئی ماڈل ہیں۔ حقیقی اے آئی خود مختاری (صلاحیت اور مہارت) اس وقت حاصل ہوگی، جب ملک اپنی ضروریات کے مطابق اے آئی نظام کو ڈیزائن، تیار، چلانے، جانچنے، اس کی دیکھ بھال کرنے اور ضرورت کے مطابق ڈھالنے کے قابل ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی آئی آئی ٹی مدراس کے سینٹر فار ریسپانسبل اے آئی اور ودھوانی اسکول آف ڈیٹا سائنس اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے سربراہ پروفیسر بالارامن رویندرن کا کہنا ہے، ’’ہندوستان کو امریکہ اور چین کے بھاری سرمایہ کاری پر مبنی اے آئی ترقی کے ماڈل کی نقل کرنے یا غیر ملکی اے آئی ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان اپنی کفایتی اختراعی صلاحیت، انجینئرنگ مہارت اور ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی بنیاد پر ایک الگ نقطۂ نظر تیار کر رہا ہے۔ اس میں ایسے ماڈیولر اور باہم مربوط اے آئی نظام تیار کرنے پر زور دیا گیا ہے، جنہیں ملک کے ادارے اپنی ضروریات کے مطابق تبدیل اور چلا سکیں۔ اس سے غیر ملکی کمپنیوں کے مہنگے سافٹ ویئر، کمپیوٹنگ وسائل اور تکنیکی خدمات پر انحصار کم کرنے کے امکانات پیدا ہوں گے۔‘‘
سرکاری محکموں کے لیے مشترکہ اے آئی پلیٹ فارم کی تجویز
وائٹ پیپر میں عوامی سرمایہ کاری کی سمت تبدیل کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے مطابق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے محکمے، یونیورسٹیاں اور عوامی ادارے الگ الگ مہنگے اے آئی نظام تیار کرنے کے بجائے مشترکہ اے آئی بنیادی ڈھانچے اور مشترکہ تکنیکی پلیٹ فارم کا استعمال کریں۔ ایسے عوامی اے آئی نظام کو ’پبلک اے آئی ریل‘ کے طور پر تیار کیا جا سکتا ہے۔
دراصل، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ہر سرکاری محکمے کو الگ سے مہنگے ماڈل اور کمپیوٹنگ وسائل تیار کرنے کی ضرورت کم پڑے گی۔ ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے تعلیم، صحت، زراعت، انتظامیہ اور دیگر عوامی خدمات میں اے آئی کا استعمال بڑھایا جا سکے گا۔ اس سے ٹیکنالوجی کی رسائی بڑے اداروں سے آگے بڑھ کر چھوٹے شہروں، مقامی انتظامیہ اور عوامی اداروں تک بھی ممکن ہو سکے گی۔
ہندوستانی زبانوں میں مقامی ضروریات کے مطابق اے آئی ماڈل تیار ہوں
ہندوستان کے لسانی تنوع کو دیکھتے ہوئے وائٹ پیپر میں کثیر لسانی اور مقامی زبانوں پر مبنی اے آئی نظام کو ترجیح دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ملک میں کروڑوں افراد اپنی مادری زبان اور مقامی بولیوں میں بات چیت کرتے ہیں۔ ایسے میں اے آئی کی افادیت اسی وقت وسیع ہوگی، جب وہ ہندی سمیت ہندوستانی زبانوں میں مؤثر طریقے سے کام کر سکے گا۔
محققین نے یہ بھی کہا ہے کہ اے آئی نظام کی جانچ ہندوستان کے حقیقی حالات میں کی جانی چاہیے۔ اس میں انٹرنیٹ کی دستیابی، محدود بینڈوڈتھ، موبائل آلات کی صلاحیت، بجلی کی دستیابی اور ادارہ جاتی وسائل کی کمی کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ اس کا مقصد ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنا ہے، جس کا استعمال بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی کیا جا سکے۔
اے آئی کے استعمال کے لیے 7 نکاتی پیمانہ
وائٹ پیپر میں اے آئی کے نفاذ کے لیے 7 نکاتی چیک لسٹ بھی دی گئی ہے۔ اس کے تحت سب سے پہلے یہ طے کرنا ہوگا کہ متعلقہ کام کے لیے واقعی اے آئی کی ضرورت ہے یا اسے کسی آسان ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی حل کیا جا سکتا ہے۔ دوسرے، بجلی، انٹرنیٹ، آلات، سرمایہ اور عملی اخراجات جیسی پابندیوں کا پہلے ہی جائزہ لیا جائے۔ تیسرے، سب سے چھوٹے اور موزوں اے آئی ماڈل کے انتخاب کی تکنیکی بنیاد واضح کی جائے۔ چوتھے مرحلے میں ہندوستانی حالات کے مطابق حقیقی جانچ کرنے اور پانچویں مرحلے میں تربیت سے لے کر نظام چلانے، دیکھ بھال کرنے اور ٹیکنالوجی کو ختم کرنے تک پورے دورانیے کی لاگت اور وسائل کی کھپت کا حساب رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
چھٹے مرحلے میں جی پی یو، بینڈوڈتھ، فروخت کنندگان کے معاہدوں اور دوبارہ تربیت سمیت ملکیت کی مجموعی لاگت کا حساب رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ ساتویں مرحلے میں مناسب دستاویزات کی تیاری، آڈٹ، انسانی نگرانی اور اہم فیصلوں میں متبادل دستی نظام برقرار رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ وائٹ پیپر آئی آئی ٹی مدراس میں منعقدہ ’انڈسٹری کانکلیو آن اے آئی گورننس 2026‘ کے دوران ادارے کے ڈائریکٹر پروفیسر وی کاماکوٹی نے جاری کیا۔ اس کے مصنفین میں پروفیسر بالارامن رویندرن، وینکٹ راگھون کے ایس، ڈاکٹر گوکل ایس کرشنن، پروفیسر بالاجی سرینواسن اور پروفیسر بال کرشن سی راؤ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آئی آئی ٹی مدراس کے محققین کی یہ تجویز ہندوستان کے سامنے اے آئی کی ترقی کا ایک الگ ماڈل پیش کرتی ہے۔ اس میں تکنیکی برتری کا پیمانہ بڑے ماڈل یا بھاری سرمایہ کاری کے بجائے حقیقی مسائل کا حل، وسائل کی بچت اور وسیع سماجی افادیت کو بنایا گیا ہے۔ اس کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ حکومت، صنعت، یونیورسٹیاں اور تحقیقی ادارے ان سفارشات کو اپنی پالیسیوں اور کام کے طریقۂ کار میں کس حد تک اپناتے ہیں اور آئی آئی ٹی مدراس کے سائنس دانوں کی صلاحیتوں سے اپنے مفاد میں کتنا فائدہ اٹھا پاتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن