سائبر مجرموں نے تین افراد کو بنایا نشانہ، تقریباً 41 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی
نوئیڈا، 20 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا میں سائبر مجرموں نے مختلف علاقوں میں رہنے والے تین افراد کو اپنا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے سرمایہ کاری کے ذریعے بھاری منافع کمانے کا لالچ دے کر اور ڈیمیٹ اکاونٹ کھلوانے کے نام پر لوگوں کو
سائبرکرائم


نوئیڈا، 20 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا میں سائبر مجرموں نے مختلف علاقوں میں رہنے والے تین افراد کو اپنا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے سرمایہ کاری کے ذریعے بھاری منافع کمانے کا لالچ دے کر اور ڈیمیٹ اکاونٹ کھلوانے کے نام پر لوگوں کو اپنے جال میں پھنسایا۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سائبر کرائم) شویہ گوئل نے بتایا کہ گزشتہ رات رمیش چند سونی نے سائبر کرائم تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ وہ گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں رہتے ہیں۔ متاثرہ شخص کے مطابق کچھ لوگوں نے واٹس ایپ کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے سے انہیں کافی منافع ہوگا۔ ان کی باتوں میں آکر رمیش نے آہستہ آہستہ ملزمان کے بتائے ہوئے مختلف بینک کھاتوں میں 17 لاکھ 39 ہزار 843 روپے منتقل کر دیے۔

متاثرہ شخص کے مطابق ایپ پر ان کی رقم بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، لیکن جب انہوں نے اپنی رقم نکالنے کی کوشش کی تو سائبر مجرموں نے انہیں گروپ سے باہر نکال دیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ اجے کمار سنگھ ولد گورکھ ناتھ سنگھ نے بھی گزشتہ رات تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ وہ چھلیرا گاوں میں رہتے ہیں۔ ان کے مطابق نامعلوم سائبر مجرموں نے ان سے رابطہ کیا اور ٹیلی گرام کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کی باتوں میں آکر اجے کمار نے آن لائن 9 لاکھ 51 ہزار 473 روپے منتقل کر دیے۔ بعد میں ملزمان نے دھوکہ دہی کرکے ان کی رقم ہڑپ لی۔

ایک اور معاملے میں پردیپ رائے نے سائبر کرائم تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ ان کے مطابق رشبھ عرف محمد شریف نامی شخص ان کے گھر آیا اور ڈیمیٹ اکاونٹ کھلوانے کے سلسلے میں بات کی۔ پردیپ نے اسے اپنا موبائل فون دے دیا، جس کے بعد ملزم نے ان کے فون کا کلون بنا لیا اور ان کے بینک اکاو¿نٹ سے تقریباً 14 لاکھ روپے نکال لیے۔ پولیس نے شکایت درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande