
نئی دہلی، 20 نومبر(ہ س)۔ دہلی کے جنک پوری تھانہ پولیس نے 60 لاکھ روپے کی رنگداری طلب کرنے کے معاملے کو حل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت اتر پردیش کے رائے بریلی کے رہنے والے آشو موریہ (27) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ خود کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی انمول بشنوئی ظاہر کرکے کاروباری کے اہل خانہ کو واٹس ایپ پر دھمکیاں دے رہا تھا۔ خوف پیدا کرنے کے لیے اس نے کاروباری کے گھر ریپیڈو رائیڈر کے ذریعے ایک لفافہ بھی بھجوایا تھا۔ اس میں 10 روپے کے نوٹ کا آدھا ٹکڑا لیمینیٹ کروا کر رکھا گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 4 موبائل فون، ایک ٹیبلٹ، سم کارڈ، موٹر سائیکل اور 10 روپے کے نوٹ کا باقی آدھا حصہ برآمد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، جنک پوری کے رہنے والے جتن گابا نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان کے اہل خانہ کو واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر 60 لاکھ روپے کی رنگداری مانگی جا رہی ہے۔ اسی دوران ان کے گھر ایک لفافہ پہنچا، جس میں لیمینیٹ کیا ہوا 10 روپے کے نوٹ کا آدھا ٹکڑا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جنک پوری تھانے کی ٹیم نے جانچ شروع کی۔ پولیس نے شکایت کنندہ کے گھر اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی۔
جانچ کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ لفافہ پہنچانے کے لیے مانیسر سے ریپیڈو رائیڈ بک کی گئی تھی۔ پولیس نے ریپیڈو رائیڈر پنکج گوتم سے پوچھ گچھ کی۔ اس نے بتایا کہ اسے ایک مشتبہ موبائل نمبر سے آن لائن بکنگ موصول ہوئی تھی اور مانیسر، گروگرام سے لفافہ لے کر جنک پوری پہنچانے کو کہا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے تکنیکی جانچ کے ذریعے ملزم کے دوسرے موبائل نمبر کا پتہ لگایا۔ یہ نمبر رائے بریلی کے رہنے والے آشو موریہ کے نام پر رجسٹرڈ پایا گیا۔ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ اسے پیسوں کی ضرورت تھی، اس لیے اس نے 60 لاکھ روپے وصول کرنے کی سازش رچی۔ ملزم کا والد گزشتہ 27 سال سے شکایت کنندہ کے یہاں ڈرائیور کی ملازمت کر رہا ہے۔ اسی وجہ سے ملزم کاروباری اور اس کے اہل خانہ کو اچھی طرح جانتا تھا۔ اسے لگا کہ لارنس بشنوئی کا نام استعمال کرنے سے خاندان خوف زدہ ہو جائے گا اور رنگداری کی رقم دینے پر مجبور ہو جائے گا۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے 10 روپے کے نوٹ کو لیمینیٹ کروانے کے بعد اس کے 2 ٹکڑے کیے۔ ایک حصہ لفافے میں رکھ کر ریپیڈو رائیڈر کے ذریعے کاروباری کے گھر بھجوا دیا، جبکہ دوسرا حصہ اپنے پاس رکھ لیا۔ اس کے بعد اس نے کاروباری کی بیوی کے موبائل پر واٹس ایپ پیغام بھیج کر خود کو انمول بشنوئی بتایا اور 60 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال کیے گئے موبائل فون اور سم کارڈ کے علاوہ 3 دیگر موبائل فون، ایک ٹیبلٹ، نوٹ کا دوسرا آدھا حصہ اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ پولیس اب یہ پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ ملزم نے دھمکیاں دینے کے لیے کن تکنیکی ذرائع کا استعمال کیا اور آیا اس سازش میں کوئی دوسرا شخص بھی شامل تھا یا نہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن