
بھوپال، 19 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں خواتین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ریاست کی شاندار ثقافتی وراثت، لوک فنون اور گاؤں کی زندگی کی منفرد جھلک بھی دیکھنے کو ملے گی۔
19 سے 28 نومبر تک ناتھو برخڑا واقع بین الاقوامی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے میں ہندوستان، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی خواتین ہاکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تقریباً 150 بین الاقوامی کھلاڑیوں کی موجودگی میں بھوپال ایشیائی خواتین ہاکی کا اہم مرکز بننے کے ساتھ مدھیہ پردیش کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا پلیٹ فارم بھی بنے گا۔
اس موقع پر اسپورٹس کمپلیکس میں خصوصی ’کھیل گاؤں‘ تیار کیا جا رہا ہے، جس کا تصور مدھیہ پردیش کے روایتی گاؤں کی طرزِ زندگی پر مبنی ہے۔ یہاں لوک فنون، روایتی دستکاری اور ہاتھ سے تیار ہونے والی اشیا کے ذریعے ریاست کی ثقافتی خوبصورتی پیش کی جائے گی۔
محکمہ تعلقات عامہ کی افسر بندو سنیل کے مطابق کھیل گاؤں کی خاص بات یہ ہوگی کہ یہاں فنون کو صرف نمائش تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ فنکار اور دستکار اپنے ہنر کا براہِ راست مظاہرہ بھی کریں گے۔ مہمان مٹی سے برتن بنتے ہوئے، روایتی دستکاری اور نسل در نسل منتقل ہونے والے ہنر کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔
ریاست کے مختلف علاقوں سے آنے والے دستکار اپنی فن پاروں کی تیاری کے طریقوں اور ان سے وابستہ روایات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کریں گے۔ اس سے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کو مقامی فنکاروں سے براہِ راست بات چیت کا موقع ملے گا۔
یہ پہل کھیلوں کے مقابلوں کو ثقافتی تجربے سے جوڑنے کے ساتھ مقامی فنکاروں اور دستکاروں کو بین الاقوامی شناخت دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
ہاکی کی شاندار روایات کے لیے مشہور بھوپال میں یہ مقابلہ ریاست کے جدید کھیل بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی صلاحیت کو بھی ظاہر کرے گا۔ ایک جانب ہاکی کے میدان میں ایشیا کی بہترین خواتین ٹیمیں اپنی مہارت اور ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کریں گی، تو دوسری جانب کھیل گاؤں میں مدھیہ پردیش کی مٹی کی سوندھی خوشبو، گاؤں کی سادگی اور دستکاروں کی تخلیقی صلاحیتیں غیر ملکی مہمانوں کو اپنی جانب متوجہ کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد