
سری نگر، 19 نومبر (ہ س)۔ وادی کشمیر کی خوبصورتی میں چار چاند لگانے والی شہرہ آفاق ڈل جھیل کی پہچان کئی چیزوں سے ہے۔ یہاں کا تاریخی تیرتا ڈاکخانہ، ایک سے ایک خوبصورت تیرتے ہاؤس بوٹ، تیرتی سبزی مارکیٹ اور شکاروں میں دستیاب دستکاری مصنوعات نیز درجن بھر سے زیادہ اجزا سے تیار ہونے والا قہوہ اور کھانے پینے کی دوسری اشیا عوام و خواص میں مقبول ہیں اور ہر ایک کی اپنی اہمیت ہے۔ لیکن سیاحوں اور جھیل کے مکینوں کے مشکل وقت میں کام آنے والی ’تیرتی ایمبولنس‘ کو ان سب پر فوقیت حاصل ہے۔
اس ایمبولنس کی اہمیت کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے مشہور ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں نہ صرف اس کا ذکر کیا بلکہ اس خیال کے بانی کی جم کر تعریف بھی کی۔ اب اس ایمبولنس کی خدمات مریضوں کو اسپتال پہنچانے تک محدود نہیں رہیں۔ فائر اسٹیشن سے لے کر بچاؤ کارروائیوں تک یہ کئی عوامی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور عملاً ایک کثیرالمقاصد ادارے کا کردار ادا کر رہی ہے۔
چند روز پہلے ہی یہ ایمبولنس ڈل کے اندرونی علاقوں میں رہنے والوں کے لیے ایک طبی کیمپ کے انعقاد میں کام آئی۔ طبی عملہ اور ادویات اسی کے ذریعے ڈل جھیل میں پہنچائی گئیں اور سینکڑوں لوگوں نے کیمپ سے فائدہ اٹھایا۔ یہ اس کے لیے کوئی نئی بات نہیں، اس طرح کی خدمات اب اس کا معمول بن چکی ہیں۔
تیرتی ایمبولنس کے مالک اور بانی طارق احمد پتلو اس کے وجود کی بنیادی وجہ کورونا وبا کے دور میں لوگوں کو پیش آنے والی طرح طرح کی مشکلات کو قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستھان سماچار کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایمبولنس کا دائرہ کار مریضوں کو اسپتال لے جانے یا وقتاً فوقتاً طبی کیمپ لگانے سے کہیں وسیع ہے اور یہ اب تک کئی جانیں بچانے کا سبب بن چکی ہے۔
انہوں نے بتایا: ’’یہ اب صرف ایمبولنس نہیں رہی۔ یہ فائر اسٹیشن کا کام بھی کرتی ہے، بچاؤ کارروائیاں بھی انجام دیتی ہے اور میڈیکل کیمپ لگانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ اس طرح یہ لوگوں کی جانوں کے ساتھ ان کی املاک کو بھی بچاتی ہے۔‘‘
طارق احمد نے بتایا کہ حال ہی میں ڈل جھیل کے اندر ہاؤس بوٹوں میں آگ لگی تو اس ایمبولنس نے آگ بجھانے میں مدد کی۔ ان کے بقول ڈل جھیل میں پانی کی کوئی کمی نہیں، اس لیے انہوں نے ایمبولنس میں ایک موٹر پمپ نصب کر رکھا ہے جو آگ بجھانے کے کام آتا ہے۔
انہوں نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ وقت پہلے تیز ہوائیں چلنے سے سیاحوں کو لے جانے والا ایک شکارہ الٹ گیا تھا۔ انہوں نے بتایا: ’’ہم نے فوراً کارروائی کر کے انہیں بچا لیا۔‘‘ طارق احمد نے ہندوستھان سماچار کو ایک ویڈیو فراہم کی ہے، جس میں چنئی کی ایک نوجوان سیاح خاتون اس واقعے کی روداد سناتی نظر آتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ’’میں آج آپ سے بات کر رہی ہوں تو یہ سب اسی ایمبولنس کی بدولت ہے۔ ہم شکارے کی سیر پر نکلے تھے کہ اچانک تیز ہوا چلی۔ ہمارا شکارہ الٹ گیا اور ہم سب پانی میں گر گئے۔ ہمیں لگا کہ اب ہماری جان نہیں بچے گی۔ ایمبولنس ایک منٹ کے اندر پہنچ گئی اور طارق انکل کی وجہ سے ہم سب کی جانیں بچ گئیں۔ ہمارا قیمتی سامان، جیسے موبائل فون اور کیمرے، پانی میں چلے گئے، لیکن خدا کا شکر ہے کہ ہم سب خیریت سے ہیں اور آج آپ سے بات کر رہے ہیں۔‘‘
ایمبولنس کے بانی کا کہنا ہے کہ یہ کوئی اکلوتا واقعہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق ایمبولنس اب تک اس طرح کی کئی بچاؤ کارروائیاں انجام دے چکی ہے۔ طارق احمد کے مطابق کچھ روز قبل جھیل کے ایک اندرونی علاقے میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا: ’’اس کے لیے ہم نے بھرپور مدد فراہم کی اور لوگوں تک ادویات اور عملہ پہنچایا۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ضرورت مند مریضوں کو مفت آکسیجن سلنڈر اور آکسیجن کنسنٹریٹر بھی فراہم کرتے ہیں۔ یہ سامان ایمبولنس میں ہر وقت موجود رہتا ہے اور ڈل سے کسی ضرورت مند کا فون آتے ہی اس تک پہنچا دیا جاتا ہے۔
طارق احمد کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی طرف سے کوئی مالی معاونت حاصل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ میں میری اس ایمبولنس کا ذکر کیا اور اس کی خدمات کو سراہا، لیکن حکومت کی طرف سے مجھے آج تک کوئی امداد نہیں ملی۔‘‘ ان کے بقول پروگرام کے بعد بی جے پی کے کچھ لیڈروں نے انہیں شال پہنا کر حوصلہ افزائی کی، مگر سرکاری سطح پر کوئی مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا: ’’کچھ غیر سرکاری تنظیمیں کبھی کبھار میری مدد کرتی ہیں، لیکن خرچ کا زیادہ تر بوجھ میں خود اٹھاتا ہوں۔‘‘
انہوں نے ایمبولنس کی خستہ حالت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حکومت سے مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا: ’’اب یہ ایمبولنس خستہ ہو چکی ہے۔ مجھے مدد چاہیے تاکہ ضروری مرمت اور سازوسامان کا انتظام کر کے لوگوں کی خدمت جاری رکھ سکوں۔ میں ہفتے میں دو ہزار روپے اپنی جیب سے پیٹرول وغیرہ کے لیے خرچ کرتا ہوں اور کسی سے کوئی پیسہ نہیں لیتا۔‘‘
طارق احمد ایک ہاؤس بوٹ کے مالک ہیں اور ٹراول ایجنٹ کے طور پر کام کر کے گھر چلاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: ’’گھر چلانے کے لیے میں ٹراول ایجنٹ کا کام کرتا ہوں اور ایک ہاؤس بوٹ کا مالک بھی ہوں۔ گھر والوں میں سے کچھ ناراض رہتے ہیں کہ میں اپنا سارا وقت اپنے کام کو کیوں نہیں دیتا، لیکن خدمت خلق کا جذبہ میرے رگ و پے میں رچ بس گیا ہے۔ میں اس خدمت کو ہر حال میں جاری رکھوں گا۔‘‘ اس مشن میں ان کی بیٹی پانچ سال کی عمر سے ان کا ہاتھ بٹا رہی ہے، جبکہ گزشتہ چند برسوں سے ایک دوست بھی ان کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
خدمت خلق کے ساتھ ساتھ طارق احمد ڈل جھیل کے تحفظ کی ذمہ داری بھی نبھاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا: ’’میں جھیل کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہوں۔ جب بھی جھیل میں کوئی خرابی نظر آتی ہے تو اسے اجاگر کرتا ہوں تاکہ فوری اقدام کیے جائیں۔‘‘ ان کے مطابق یہ ایمبولنس جھیل میں چوبیس گھنٹے موجود رہتی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا: ’’رات کو ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں ہوتا، اس لیے مدد کے لیے زیادہ تر فون رات ہی کو آتے ہیں۔ میں ہر وقت لوگوں کی مدد کے لیے تیار رہتا ہوں تاکہ ان کا جان و مال محفوظ رہے۔‘‘
اس ایمبولنس کے وجود میں آنے کی کہانی بیان کرتے ہوئے طارق احمد نے بتایا: ’’کورونا کے دور میں میں خود اس وبا کی زد میں آیا۔ مجھے دس پندرہ دن کورنٹین سینٹر میں رہنا پڑا اور پھر شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں داخل رہا۔ اس دوران میں نے دیکھا کہ کوئی میری مدد کو نہیں آتا تھا۔ لوگ مجھ سے بات کرنے سے بھی ڈرتے تھے۔‘‘ ان کا کہنا ہے: ’’میں ڈل کے اندرونی علاقے میں رہتا ہوں اور سڑک تک پہنچنے میں بھی کوئی میری مدد نہیں کرتا تھا۔ لوگ مجھ سے ملنے سے ڈرتے تھے۔ اسپتال کے بستر پر ہی میں نے فیصلہ کر لیا کہ ایک ایسی ایمبولنس بناؤں گا جو ایسے مشکل حالات میں لوگوں کے کام آئے۔‘‘
اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے انہوں نے کئی لوگوں سے مشورہ کیا۔ وہ کہتے ہیں: ’’اسپتال سے گھر لوٹ کر میں نے سب سے پہلے انٹرنیٹ پر تلاش شروع کی کہ ایسی ایمبولنس کیسی ہو سکتی ہے اور اس میں کون کون سی چیزیں ہونی چاہئیں۔ میں نے کئی لوگوں سے رابطہ بھی کیا۔ انہوں نے میرے خیال کو سراہا اور آگے بڑھنے کا حوصلہ بڑھایا۔‘‘ ان کے الفاظ میں: ’’اللہ کی مدد اور لوگوں کی حوصلہ افزائی سے میں نے اپنا خواب پورا کیا اور ڈل جھیل کی تیرتی چیزوں میں جانیں اور املاک بچانے والا ایک اہم اضافہ کیا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ