
اوریا، 19 نومبر(ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع اوریا میں دہلی-ہاوڑہ ریلوے لائن پر جمعرات کی صبح الگ الگ مقامات سے دو نوجوانوں کی لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ دونوں لاشیں اچلدا تھانہ علاقے کے دھارا کا پوروا گاؤں کے قریب ریلوے ٹریک کے کنارے پڑی ہوئی تھیں۔ اسٹیشن ماسٹر نے صبح تقریباً 9 بجے پولیس کو میمو بھیج کر واقعے کی اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج جیت مل چودھری، سب انسپکٹر جے پرکاش سنگھ اور پولیس اہلکار منو لال و میوالال ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ اسٹیشن ماسٹر کی جانب سے بھیجے گئے میمو کے مطابق، دونوں لاشیں ریلوے کھمبا نمبر 1112/3 اور 1112/10 کے قریب ملی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور آس پاس کے لوگوں سے معلومات حاصل کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اچلدا تھانہ انچارج کے مطابق، دونوں نوجوانوں کی عمر تقریباً 30 سے 31 سال کے درمیان ہے، تاہم فی الحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ایک نوجوان نے سرمئی رنگ کی فل بازو ٹی شرٹ، کالی جیکٹ اور کالا لوئر پہن رکھا تھا، جبکہ دوسرے نے سیاہ اور سفید رنگ کی فل بازو ٹی شرٹ اور کالا لوئر پہن رکھا تھا۔
پولیس کو تلاشی کے دوران دونوں لاشوں کے قریب دو ٹوٹے ہوئے موبائل فون بھی ملے ہیں۔ موبائل فون کی جانچ کی جارہی ہے۔ نوجوانوں کی شناخت کے لیے آس پاس کے تھانوں اور جی آر پی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
تھانہ انچارج جیت مل چودھری نے بتایا کہ دونوں نوجوانوں کی موت کن حالات میں ہوئی، اس کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ